وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہےکہ بجٹ میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے اقدامات شامل کیے جارہے ہیں۔ وزیراعظم سے میاں منشاء، عارف حبیب، عاطف باجوہ، محمدعلی ٹبہ، مصدق ذوالقرنین، زیاد بشیرسمیت دیگر معروف صنعتکاروں اور ممتاز کاروباری شخصیات کے وفد نے ملاقات کی۔ اس موقع پر شہباز شریف نے کہا کہ آپ لوگ پاکستان کے سفیر اور دنیا میں ہماری پہچان ہیں، مشکل معاشی حالات میں حکومت کاساتھ دینے پرکاروباری برادری کےشکرگزارہیں۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت اور نجی شعبے کی مضبوط شراکت داری معاشی ترقی کی ضمانت ہے، معیشت سے متعلق پالیسی سازی میں کاروباری برادری سےمشاورت اہمیت کی حامل ہے، برآمدات پر مبنی ترقی کی راہ پرگامزن ہیں اور یہی ہماری معاشی پالیسی کا محور ہے۔ شہباز شریف نے مزید کہا کہ غیر رسمی معیشت کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں، بجٹ میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے اقدامات شامل کیے جارہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ کاروبار دوست پالیسیوں کی بدولت ملکی معیشت مستحکم ہوئی اور بیرونی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ، ایسی صنعتوں کےفروغ کے لیےکوشاں ہیں جن سے ملکی پیداوار بڑھے۔






