لاہور اور کراچی سمیت مختلف شہروں میں یوم عاشور کے جلوس اختتام پذیر

کربلا میں حضرت امام حسین ؑ اور ان کے ساتھیوں کی جانب سے دی گئی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لئے ملک بھر میں یوم عاشور 10 محرم الحرام آج مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے۔لاہور اور کراچی سمیت مختلف شہروں میں یوم عاشور کے جلوس اختتام پذیر ہو گئے ہیں، اس موقع پر سیکیورٹی… لاہور لاہورمیں نثارحویلی سے برآمد ہونے والا مرکزی جلوس روایتی راستے سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگیا۔جلوس میں شریک ہزاروں عزاداروں نےحضرت امام حسین اور شہدائے کربلا کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ جلوس کیلیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی ، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب ، خواجہ سلمان رفیق اور بلال یاسین نے گامے شاہ کا دورہ کیا اور انتظامات کا معائنہ کیا۔تین درجاتی سیکیورٹی کےساتھ ساتھ عزاداروں کیلیے ٹھنڈے پانی سمیت دیگر انتظامات بھی کیے گئے تھے ۔آئی جی پنجاب عبدالکریم ،سی سی پی او لاہوربلال صدیق کمیانہ اور سی ٹی او لاہور عبدالرحیم شیرازی نے بھی کنٹرول روم اور جلوس کے روٹ کا معائنہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ یومِ عاشور پر پنجاب میں تین درجاتی سیکیورٹی ماڈل کے تحت ہائی الرٹ نافذ رہا۔ اے آئی ٹیکنالوجی، ڈرونز، سیف سٹی کیمروں اور ڈیجیٹل مانیٹرنگ کے ذریعے جلوسوں اور مجالس کی نگرانی کی گئی۔ عزداروں اور شہریوں نے پنجاب حکومت کے انتظامت کو بہترین قرار دیا۔ کراچی کراچی میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا ۔ جو اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان کھارادر پر اختتام پذیر ہوا ۔ جلوس کے راستے کنٹینر لگا کر سیل رکھے گئے جبکہ جلوس کی گزر گاہوں اور اطراف میں موبائل فون سروس معطل رہی ۔ نشتر پارک میں علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے مرکزی مجلس عزا سے خطاب کیا۔ کہا حضرت امام حسینؑ اور ان کے رفقاء نے میدان کربلا میں دین اسلام کی بقا کے لیے اپنی جانوں کا عظیم نذرانہ پیش کیا۔ مجلس کے بعد بوتراب اسکاؤٹس کی قیادت میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس برآمد ہوا۔ عزادار نوحہ خوانی ۔ سینہ کوبی اور زنجیر زنی کرتے رہے۔ علم و ذوالجناح کا جلوس ایم اے جناح روڈ پہنچا اور شرکا نے تبت سینٹر کے مقام پر مولانا سید شہنشاہ حسین نقوی کی اقتدا میں نماز ظہرین ادا کی۔ جلوس کے راستے میں عزاداروں کیلئے پانی اور شربت کی سبیلیں اور لنگر کا اہتمام کیا گیا ۔ مرکزی جلوس ریڈیو پاکستان ۔ جامع کلاتھ ۔ لائٹ ہاؤس ۔ بولٹن مارکیٹ سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان کھارادر پر اختتام پذیر ہوا ۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے ۔ جلوس کے راستے اور اطراف میں موبائل فون سروس بند رہی۔