پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ تجارت بڑھانےکی جانب اہم پیشرفت ہوئی ہے، ایف بی آر نے تفتان بارڈر ریلوے اسٹیشن کو درآمد و برآمد کے لیے لینڈ کسٹمز اسٹیشن قرار دے دیا ہے۔ اس اقدام سے ریل کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی سامان کی نقل و حمل آسان ہوگئی ہے اور اس طرح اخراجات کم اور قانونی تجارت میں اضافہ متوقع ہے ۔ ایرانی نیوز ایجنسی ارنا کے مطابق تفتان اسٹیشن پر لوڈنگ، اَن لوڈنگ، کسٹمز کلیئرنس اور درآمد و برآمد کی تمام سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ دونوں ممالک دوطرفہ تجارت کو 5 ارب ڈالر تک بڑھانے کے لیے پُرعزم ہیں۔ ماہرین کے مطابق اس فیصلے سے اسمگلنگ کی حوصلہ شکنی ہوگی اور قانونی تجارت کو فروغ ملےگا۔






