محکمہ موسمیات کی 29 جولائی سے 5 اگست تک مون سون بارشوں کی پیشگوئی

ملک بھر میں کل سے مون سون کی مزید بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 29 جولائی سے 5 اگست کے دوران ملک میں مزید مون سون بارشوں کا امکان ہے، 29 جولائی سے بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے مون سون ہوائیں ملک میں داخل ہوں گی، مغربی ہواؤں کا سلسلہ اس وقت شمالی علاقوں کو متاثر کررہا ہے اور ہوائیں یکم اگست سے ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں کو متاثرکریں گی۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ کشمیر میں 28جولائی کی رات سے 5 اگست تک تیزہواؤں اور گرج چمک سے بارش ہوسکتی ہے، ​29جولائی سے اسلام آباد راولپنڈی، مری، لاہور اور دیگر علاقوں میں بارش کا امکان ہے جب کہ 31جولائی سے بہاولپور، بہاولنگر، خانپور، ڈی آئی خان اور دیگر علاقوں میں بارش متوقع ہے۔ اس کے علاوہ ​ 29جولائی سے 5 اگست تک خیبرپختونخوا میں بارش ہو سکتی ہے، گلگت بلتستان میں 28 جولائی کی شام سے 6 اگست تک تیزہواؤں اورگرج چمک سے بارش اور 31 جولائی سے 3 اگست تک بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 31 جولائی سے 2 اگست تک سندھ کے مختلف اضلاع میں بارش ہوسکتی ہے، بدین، ٹھٹہ، کراچی اور سجاول کے اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جب کہ ​بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے، 30 جولائی سے 4 اگست کے دوران نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔ دوسری جانب بارشوں کے حوالے سے موسمیاتی ماہرین کا کہنا ہےکہ ہوا کا شدید کم دباؤ ڈپریشن کی صورت میں شمال مغربی خلیج بنگال میں ہے، سسٹم انتہائی آہستہ رفتار سے مغرب اور شمال مغرب کی جانب بڑھ رہا ہے۔ موسمیاتی ماہرین کے مطابق بین الاقوامی موسمیاتی ماڈلز سسٹم کے 3 مختلف ٹریکس دکھا رہے ہیں، ایک ٹریک کے مطابق سسٹم 30 یا 31 جولائی کو راجستھان کے قریب آکر رک سکتا ہے، راجستھان کے قریب آنے کی صورت میں تھرپارکر اور ملحقہ اضلاع میں بارش ہوسکتی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہےکہ دوسرے ٹریک کے تحت سسٹم کچھ کے راستے بحیرہ عرب میں آسکتا ہے، بحیرہ عرب میں سسٹم کی موجودگی سے کراچی میں بھی بارش کا امکان رہے گا جب کہ تیسرے ٹریک کے تحت یہ سسٹم جنوب پنجاب کی جانب بھی بڑھ سکتا ہے، سسٹم کا سندھ کے قریب آنے کا امکان بہت زیادہ نہیں، آئندہ آنے والے دنوں میں سسٹم کے ٹریک سے متعلق پیشگوئی کی جاسکے گی۔