ایپل آئی پیڈ ایئر کو 2020 کے بعد پہلی بار بڑا ری ڈیزائن اور ڈسپلے اپ گریڈ کیا جارہا ہے، جس میں موجودہ ایل سی ڈی اسکرین کی جگہ پہلی بار شاندار او ایل ای ڈی پینل دیا جائے گا۔ ٹیکنالوجی ویب سائٹ میک رومرز کی رپورٹ کے مطابق ایپل 2027 میں اپنے آئی پیڈ ایئر میں کئی برس بعد نمایاں تبدیلیاں متعارف کرا سکتا ہے، سال 2020 سے آئی پیڈ ایئر کا بیرونی ڈیزائن تقریباً ایک جیسا چلا آ رہا ہے، جس کے باعث یہ ایپل کی موجودہ ٹیبلٹ لائن اپ میں سب سے طویل عرصے تک برقرار رہنے والا ڈیزائن بن گیا ہے۔ ایپل نے چوتھی نسل کے آئی پیڈ ایئر میں فلیٹ ایجز، آل اسکرین ڈسپلے اور پاور بٹن میں ٹچ آئی ڈی شامل کرتے ہوئے ڈیزائن میں بڑی تبدیلی کی تھی۔ اس کے بعد آنے والے ماڈلز میں صرف اندرونی ہارڈویئر اپ گریڈ کیے گئے، جن میں ایم 1، ایم 2، ایم 3 اور ایم 4 چپس شامل ہیں، جبکہ ظاہری ڈیزائن میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق 2027 کے آغاز میں آئی پیڈ ایئر کو پہلی بار او ایل ای ڈی ڈسپلے سے لیس کیے جانے کا امکان ہے۔ بتایا گیا ہے کہ سام سنگ ڈسپلے اس کے لیے سنگل اسٹیک ایل ٹی پی ایس او ایل ای ڈی پینلز فراہم کرے گا، جو آئی پیڈ پرو میں استعمال ہونے والی ٹینڈم او ایل ای ڈی ٹیکنالوجی کے مقابلے میں کم لاگت اور نسبتاً کم روشن ہوں گے، نئے آئی پیڈ ایئر میں ایپل کی ایم5 چپ شامل کیے جانے کی بھی اطلاعات ہیں۔ ماہرین کے مطابق او ایل ای ڈی ڈسپلے کی شمولیت گزشتہ کئی برسوں میں آئی پیڈ ایئر کا سب سے بڑا اپ گریڈ ثابت ہو سکتی ہے اور یہ ایپل کی اس حکمت عملی کا حصہ ہے جس کے تحت او ایل ای ڈی ٹیکنالوجی کو بتدریج دیگر مصنوعات، بشمول آئی میک اور میک بک ایئر تک بھی وسعت دی جا رہی ہے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ اکتوبر میں متوقع اس ڈیوائس میں نیا ڈیزائن، او ایل ای ڈی ڈسپلے، روایتی اسپیکر ہولز کے بجائے وائبریشن پر مبنی اسپیکر سسٹم اور واٹر ریزسٹنٹ باڈی شامل ہوگی، جو آئی پیڈ سیریز میں پہلی مرتبہ متعارف کرائی جا سکتی ہیں۔






