برطانیہ کا پاکستانی طلبہ کیلئے اسکالرشپس کا اعلان

برطانیہ کی چیوننگ اور کامن ویلتھ اسکالرشپس کے تحت 33 پاکستانی طلبہ اعلیٰ تعلیم کے لیے برطانیہ روانہ ہوں گے۔ برطانوی ہائی کمیشن اسلام آباد میں منتخب اسکالرز کے اعزاز میں پری ڈپارچر تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس حوالے سے تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ منتخب اسکالرز تعلیم، صحت، موسمیاتی تبدیلی، گورننس، کاروبار اور سفارت کاری سمیت مختلف شعبوں میں تعلیم حاصل کریں گے۔ پاکستانی اسکالرز لندن، ایڈنبرا، گلاسگو، برسٹل اور شیفیلڈ سمیت برطانیہ کی ممتاز جامعات میں زیر تعلیم ہوں گے۔  اسکالرز عالمی صحت، انسانی حقوق، میڈیا، ترقیاتی معیشت، روبوٹکس اور انٹرپرینیورشپ کے شعبوں میں مہارت حاصل کریں گے۔ برطانوی ہائی کمیشن کے مطابق چیوننگ اور کامن ویلتھ اسکالرشپس کے اگلے مرحلے کے لیے درخواستیں بھی کھول دی گئی ہیں۔ برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے کہا کہ اسکالرشپس برطانیہ اور پاکستان کے مضبوط تعلقات کی عملی مثال ہیں۔ یہ پروگرام باصلاحیت افراد کو نئی مہارتیں، روابط اور تجربات فراہم کرتے ہیں۔ جین میریٹ نے کہا کہ برطانیہ سے تعلیم مکمل کرنے کے بعد اسکالرز پاکستان کی ترقی میں کردار ادا کریں گے۔ پاکستان میں تقریباً 2 ہزار چیوننگ اور 1500 سے زائد کامن ویلتھ اسکالرز کا مضبوط نیٹ ورک موجود ہے۔