جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلادھار بارش کے بعد نظام زندگی درہم برہم ہوگیا، راولپنڈی میں عام تعطیل کا اعلان کردیا گیا، بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہونے کے باعث خطرے کے سائرن بجا دیے گئے تھے اور نالہ لئی کے کنارے آباد نشیبی علاقوں کے مکینوں کو… نالہ لئی میں پانی کی سطح 29 فٹ بلند ہونے کے بعد تیزی سے کم ہورہی ہے، کٹاریاں میں نالہ لئی کی سطح 9 فٹ پرآگئی۔ گوالمنڈی میں پانی بلند سطح 23.5 سے کم ہو کر 13.5 فٹ پر آگئی۔ نشیبی علاقوں سے بھی پانی تیزی سے اترنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ موسمرپورٹ دیکھیں اس سے قبل نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہونے کے باعث خطرے کے سائرن بجا دیے گئے تھے اور نالہ لئی کے کنارے آباد نشیبی علاقوں کے مکینوں کو فوری انخلا کی ہدایت کی گئی تھی۔ انتظامیہ کے مطابق اسلام آباد سے بڑا سیلابی ریلا راولپنڈی کی جانب بڑھ رہا ہے خطرے کے پیش نظر نشیبی آبادیوں کے انخلا کا حکم جاری کیا گیا۔ کٹاریاں کے مقام پر نالہ لئی میں پانی کی سطح پہلے 14.5 فٹ تک پہنچی اور پری الرٹ لیول عبور کیا بعد ازاں مسلسل اضافے کے ساتھ 18.5 فٹ تک جا پہنچی۔ گوالمنڈی میں بھی پانی کی سطح 7 فٹ سے بڑھ کر 11 فٹ ہوگئی۔ راولپنڈی دریائے سواں میں نالہ لئی کا سیلابی ریلا داخل ہوگیا، دریائے سواں میں اونچے درجے کا سیلاب ہے، جی ٹی روڈ، پرائیوٹ سوسائیٹیز، اڈیالہ روڈ، چونترہ، چکری، چک بیلی تک سیلابی صورتحال ہے۔ اسلام آباد اور راولپنڈی میں شدید بارش کے باعث نیو کٹاریاں میں 120، گولڑہ 119 اور شمس آباد میں 104 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی، جبکہ اس سے قبل بالترتیب 101، 90 اور 75 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔ نالہ لئی کے کیچمنٹ ایریاز میں شدید بارش کے باعث رین الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔ انتظامیہ نے مزید بارش کے نتیجے میں پانی کی سطح تیزی سے بلند ہونے اور سیلابی ریلے کا خدشہ ظاہر کیا ہے جبکہ تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ کردیا گیا ہے۔ شدید بارش اور سیلابی صورتحال کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے مقامی تعطیل کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، یکم ستمبر بروز منگل راولپنڈی کی حدود میں مقامی تعطیل ہوگی، تمام متعلقہ ادارے مقامی تعطیل کے باعث بند رہیں گے تاہم ہنگامی نوعیت کے محکمے، ادارے اور اتھارٹیز معمول کے مطابق کام کریں گے۔ ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور نالہ لئی و دیگر نشیبی علاقوں کے قریب جانے سے اجتناب کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ نالہ لئی کے کنارے آباد افراد فوری طور پر علاقہ خالی کرکے محفوظ مقامات پر منتقل ہوجائیں۔ اسلام آباد ایکسپریس وے پر پانی کے باعث گاڑیاں روڈ پر پھنس گئیں۔ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کا کہنا ہے کہ آرمی امدادی اداروں کے ساتھ موجود ہے، ٹرپل ون بریگیڈ ہمارے ساتھ رابطے میں ہے، ابھی ٹرپل ون بریگیڈ کو طلب نہیں کیا۔ راولپنڈی کے علاقے یوسی 44 ڈھوک فرمان علی میں برساتی نالے نے تباہی مچا دی، پانی گلیوں کے بعد گھروں میں داخل ہوگیا۔ وفاقی دارلحکومت خصوصا ای الیون میں چند ہی منٹس میں 150 ملی میٹر بارش ہونے کے بعد نالہ اوورفلو کرنے سے وجہ سے پانی سڑک پر آگیا جبکہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پہلے سے ہی سیل کی گئی چند بیسمنٹس میں بھی داخل ہوگیا، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی زیر نگرانی ڈی واٹرنگ کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ D12/2 میں حفاظتی دیوار گرنے کے بعد امدادی کاروائیوں کا عمل بھی جاری ہے تاہم کسی بھی قسم کا جانی و مالی نقصان نہیں ہوا، ایکسپریس ہائی وے سمیت متعدد شاہراہوں پر پانی کے بہاؤ کی وجہ سے ٹریفک کی روانی سست روی کا شکار ہے جہاں ٹریفک پولیس کی مدد صورتحال کو کنٹرول کیا جا رہا ہے۔ ڈبل روڈ فوڈ اسٹریٹ زیرِ آب، ریسٹورنٹس کو کروڑوں کا نقصان راولپنڈی کے ڈبل روڈ پر قائم فوڈ اسٹریٹ میں شدید بارش کے بعد پانی جمع ہو گیا، جس کے باعث متعدد ریسٹورنٹس کے اندر پانی داخل ہوگیا اور تاجروں کو کروڑوں روپے کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔ متاثرہ دکانداروں کے مطابق پانی داخل ہونے سے فرنیچر، الیکٹرونکس کا سامان اور دیگر قیمتی اشیاء ناکارہ ہو گئی ہیں۔ تاجروں کا کہنا ہے کہ تاحال واسا یا ضلعی انتظامیہ کی جانب سے نکاسی آب کے لیے کوئی مؤثر اقدامات نہیں کیے گئے۔ مقامی دکانداروں کے مطابق بارش کے بعد پانی جمع ہونے سے کاروباری سرگرمیاں متاثر ہوئیں اور قیمتی سامان کو نقصان پہنچنے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔ تاجروں کا کہنا ہے کہ یہ صورتحال پہلی بار نہیں بلکہ پانچویں مرتبہ پیش آئی ہے۔ تاجروں نے متعلقہ اداروں سے فوری نکاسی آب کے مؤثر انتظامات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مستقل بنیادوں پر مسئلے کے حل کے بغیر ہر بار بارش میں یہی صورتحال پیدا ہو جاتی ہے، جس سے ان کا کاروبار بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔






