اسلام آباد مفاہمتی یادداشت بدستور مؤثر ہے، پاکستان امن کیلئے کوشاں ہے، دفتر خارجہ

ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی کا کہنا ہے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کو مردہ یا غیرمؤثر قرار دینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، امن کا فریم ورک موجود ہے، پاکستان پرامید ہے کہ فریقین بالآخر مذاکرات کی طرف واپس آئیں گے۔ امریکا ایران کشیدگی کو پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کی ناکامی قرار نہیں دیا جاسکتا۔ ہفتہ وار پریس بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی کا کہنا تھا امریکا ایران تنازع میں دونوں جانب سے مسلح حملے اور جوابی کارروائیاں ہوئی ہیں، پاکستان صورتحال کا قریب سے جائزہ لے رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا موجودہ کشیدگی تشویشناک اور ناپسندیدہ ہے، تاہم پاکستان امن عمل سے مایوس نہیں ہوا، امریکا ایران کشیدگی کو پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کی ناکامی قرار نہیں دیا جاسکتا، پاکستان امریکا ایران تنازع کے حل کے لیے مکمل خلوص کے ساتھ امن عمل میں مصروف ہے۔ سندھ طاس معاہدے سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا بھارت کی جانب سے ثالثی عدالت کا فیصلہ مسترد کرنا سندھ طاس معاہدے کے تحت اس کی ذمہ داریوں کو ختم نہیں کرسکتا، بھارت سے سندھ طاس معاہدے پر مکمل عملدرآمد کی جانب واپس آنے کا مطالبہ کرتے ہیں، بھارت کو بین الاقوامی قانون کی پابندی اور معاہدوں کی پاسداری ہر حال میں کرنا ہوگی۔ طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ بھارت کا طرز عمل معاہدوں کی پاسداری اور عالمی تنازعات کے طے شدہ نظام پراعتماد کونقصان پہنچاتا ہے، بھارت کا طرزعمل دیگر خطوں کے لیے بھی منفی مثال قائم کر سکتا ہے جہاں مشترکہ وسائل قانونی معاہدوں کے تحت منظم کیےجاتے ہیں، جنوبی ایشیا جیسے حساس خطے میں سرحدپار پانی کے انتظام میں یکطرفہ طرزعمل امن و استحکام کےلیے نقصان دہ ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا پاکستان نے بھارت کی جانب سے یاسین ملک کے خلاف مقدمے اور سزا کو مکمل طور پر مسترد کیا، یاسین ملک کے خلاف مقدمہ انصاف کے بنیادی تقاضوں کے منافی تھا، پاکستان یاسین ملک کا معاملہ بین الاقوامی اور کثیرالجہتی فورمز پر اٹھاتا رہے گا، پاکستان نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ یاسین ملک کے معاملے کا نوٹس لیا جائے، پاکستان یاسین ملک کی صحت اور طویل زندگی کے لیے دعاگو ہے، سید علی گیلانی ہماری دعاؤں میں موجود ہیں۔