محکمہ موسمیات نے بارش کی پیشگوئی کر دی، اربن فلڈنگ کا خدشہ

محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں بارش کی پیشگوئی کردی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور شمال مشرقی بلوچستان میں بھی چند مقامات پر بارش کا امکان ہے، جبکہ ملک کے دیگر جنوبی علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے۔ موسلادھار بارش کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی اور پشاور کے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور زیرآب آنے کا خدشہ ہے۔ لاہور، اوکاڑہ، قصور، سرگودھا، فیصل آباد، ملتان، ساہیوال، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ میں بھی اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ دیر، چترال، سوات، ملاکنڈ، ایبٹ آباد، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، اسلام آباد، راولپنڈی اور ڈیرہ غازی خان میں طغیانی کا خطرہ ہے۔ محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں، گلگت بلتستان، مری اور آزاد کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے سے بھی خبردار کیا ہے۔ موسلادھار بارش، ژالہ باری، آندھی اور آسمانی بجلی کے باعث کمزور تعمیرات کو نقصان پہنچنے کا بھی خطرہ ہے۔