نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے 25 سے 30 ستمبر کے دوران بالائی علاقوں میں متوقع بارشوں اور ممکنہ موسمی خطرات کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا۔ این ای او سی کے مطابق 25 اور 26 ستمبر کو مغربی ہواؤں کے نظام کی شدت میں اضافے کا امکان ہے، جس کے باعث بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ ترجمان کے مطابق ممکنہ بارش کے باعث پہاڑی علاقوں اور برساتی ندی نالوں میں اچانک طغیانی جبکہ بعض علاقوں میں سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔ گلگت بلتستان میں استور، اسکردو، روندو، گھانچے اور شگر، آزاد کشمیر میں نیلم ویلی، حویلی، پونچھ اور سدھنوتی جبکہ خیبر پختونخوا میں سوات، باجوڑ، دیر، کوہستان، کولئی پالس، بٹگرام اور مانسہرہ میں سیلابی صورتحال کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ این ای او سی کے مطابق 30 ستمبر تک خطہ پوٹھوہار، پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ شدید بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔ اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، مری، گلیات، میانوالی، خوشاب، بھکر، لیہ، سیالکوٹ، لاہور، گجرانوالہ، گجرات، سرگودھا، فیصل آباد، اوکاڑہ، ساہیوال اور جھنگ سمیت متعدد علاقوں میں شدید بارش کے باعث شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔ خیبر پختونخوا کے دیر، سوات، بونیر، مالاکنڈ، شانگلہ، بٹگرام، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، نوشہرہ، صوابی، مردان، پشاور، کرم، ہنگو، کرک، بنوں، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان میں بھی شدید بارش متوقع ہے۔ این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو سیلابی صورتحال سمیت دیگر ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے پیشگی تیاری مکمل رکھنے کی ہدایت کردی۔ ممکنہ متاثرہ علاقوں میں ایمرجنسی رسپانس ٹیمیں اور ضروری وسائل پہلے سے تیار رکھنے جبکہ بارش اور ندی نالوں کی صورتحال کی مسلسل نگرانی کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ این ڈی ایم اے نے عوام کو برساتی ندی نالوں، پہاڑی نالوں اور پانی میں ڈوبی سڑکوں کو عبور کرنے سے گریز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے نشیبی اور خطرے سے دوچار علاقوں میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے پر زور دیا ہے۔ عوام کو مستند موسمی صورتحال، ممکنہ خطرات اور حفاظتی تدابیر سے متعلق رہنمائی کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ موبائل ایپ استعمال کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

