خیبر پختونخوا میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی کو ہر قیمت پر روکنا ہوگا، کے پی میں بھی ملک کے دیگر حصوں کی طرح ترقی ہو: وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی کو ہر قیمت پر روکنا ہوگا، ہماری خواہش ہے کہ خیبر پختونخوا میں بھی ملک کے دیگر حصوں کی طرح ترقی ہو۔ وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی جس میں آزاد جموں و کشمیر… ملاقات میں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کے عوام کی دہشت گردی کے خلاف قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ وفاقی وزیر نے وزیراعظم کو آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں جاری امور اور پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دی۔ وزیراعظم نے آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام کی فلاح و بہبود، ترقی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کی ترقی اور وہاں کے عوام کی خوشحالی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔  واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف کا پی ٹی آئی کو مذاکرات کی مشروط دعوت دیتے ہوئے کہنا تھا کہ احتجاج اور دھرنے ختم کریں، ہمارے دروازے کھلے ہیں، مارچ اور دھرنوں کے خاتمے کے بعد ہی بات چیت کا عمل ممکن ہو سکے گا۔ وزیراعظم کا افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مذاکرات کو کامیاب بنانے کی تمام کوششیں بار آور ثابت نہ ہو سکیں۔ ایک جانب ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے تو دوسری جانب احتجاج کے باعث برآمدات، درآمدات اور مینوفیکچرنگ سیکٹرز شدید متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو چکا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ دھرنوں اور احتجاج کی سیاست کا براہ راست نشانہ ملکی معیشت بنے گی۔