فرانس کےسپراسٹار کائیلیان ایمباپے نے چیمپئنز لیگ میں لیونل میسی کا ایک اور ریکارڈ اپنے نام کرلیا،جبکہ ناروے کے اسٹرائیکر ایرلنگ ہالینڈ نے بھی اسی روز نئی تاریخ رقم کردی۔ ریال میڈرڈ کے فارورڈ ایمباپے نےبدھ کو روما کےخلاف چار کے مقابلےمیں تین گول سے کامیابی کے دوران چیمپئنز لیگ میں 100 میچز کھیلنے والے کم عمر ترین کھلاڑی ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔ ایمباپے نے 27 سال اور 298 دن کی عمرمیں چیمپئنز لیگ میں اپنے 100 میچزمکمل کیے،جبکہ لیونل میسی نے 28 سال اور 84 دن کی عمر میں یہ سنگ میل عبور کیا تھا،دلچسپ بات یہ ہے کہ میسی نے بھی چیمپئنز لیگ میں اپنا 100واں میچ روما ہی کے خلاف کھیلا تھا۔ ایمباپے نےاس مقابلے میں ریال میڈرڈ کی جانب سے گول بھی کیا، جو چیمپئنز لیگ میں ان کا 72واں گول تھا۔ اس طرح انہوں نے ریال میڈرڈ کے لیجنڈ فٹ بالر راؤل گونزالیز کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔ دوسری جانب ناروے کے اسٹار اسٹرائیکر ایرلنگ ہالینڈ نے بھی اسی روز چیمپئنز لیگ میں نئی تاریخ رقم کرکے اپنے نام ایک اور اعزاز کرلیا۔

