پاکستان کے نوجوان آل راؤنڈر عرفات منہاس کو ہوم ون ڈے سہ ملکی سیریز میں شاندار کارکردگی پر اکتوبر 2026 کے لیے آئی سی سی مینز پلیئر آف دی منتھ ایوارڈ کے لیے نامزد کردیا گیا۔ عرفات منہاس نے سہ ملکی سیریز میں پاکستان کے لیے ٹائٹل جیتنے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے پانچ اننگز میں 29.80 کی اوسط سے 149 رنز بنائے، جبکہ 9 وکٹیں بھی حاصل کیں جن میں انگلینڈ کے خلاف 6 وکٹیں شامل تھیں۔ انگلینڈ کے خلاف میچ میں عرفات منہاس نے 40 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں اور 59 رنز کی اننگز بھی کھیلی۔ یہ پاکستان کی سرزمین پر کسی پاکستانی بولر کی دوسری بہترین ون ڈے بولنگ کارکردگی ہے۔ سری لنکا کے خلاف فائنل میں انہوں نے صرف 31 گیندوں پر 61 رنز بنا کر پاکستان کو 326 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں مدد دی۔ آل راؤنڈ کارکردگی پر انہیں پلیئر آف دی سیریز بھی قرار دیا گیا۔ ایوارڈ کے لیے جنوبی افریقہ کے آل راؤنڈر مارکو جانسن اور ویسٹ انڈیز کے کپتان شائی ہوپ کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔ مارکو جانسن نے آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں شاندار کارکردگی دکھائی۔ انہوں نے دوسرے ٹیسٹ میں 85 رنز بنانے کے ساتھ 6 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ تیسرے ٹیسٹ میں نصف سنچری اور 3 وکٹیں لے کر جنوبی افریقہ کی سیریز میں 2-1 سے کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کی کارکردگی کے بعد وہ آئی سی سی ٹیسٹ آل راؤنڈر رینکنگ میں بھی پہلے نمبر پر پہنچ گئے۔ دوسری جانب شائی ہوپ نے بھارت کے خلاف ون ڈے میچ میں ناقابلِ شکست 162 رنز کی اننگز کھیل کر ویسٹ انڈیز کو 352 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں مدد دی۔ انہوں نے پانچ میچوں کی ٹی 20 سیریز میں بھی دو سنچریاں اسکور کیں، جن میں چوتھے میچ میں 50 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 102 رنز شامل تھے۔

