صدرِ مملکت سے وزیرِ اعظم شہباز شریف کی اہم ملاقات، تمام معاملات بات چیت اور باہمی مشاورت سے حل کرنے پر اتفاق

صدر مملکت آصف علی زرداری سے ایوانِ صدر میں وزیرِ اعظم شہباز شریف اور وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے ملاقات کی ہے۔ ملاقات کے دوران تمام معاملات کا حل بات چیت سے نکالنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ صدر و وزیرِاعظم کے درمیان ایک ہفتے کے دوران ہونے والی یہ دوسری اہم ملاقات ہے۔ اس سے قبل دونوں رہنماؤں نے… ایوانِ صدر کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں ملک کو درپیش موجودہ صورتِ حال کا جائزہ لیا گیا اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ تمام معاملات کا حل بات چیت اور باہمی مشاورت کے ذریعے نکالا جائے گا۔ صدر و وزیرِاعظم کے درمیان ایک ہفتے کے دوران ہونے والی یہ دوسری اہم ملاقات ہے۔ اس سے قبل دونوں رہنماؤں نے 14 نومبر کو لاہور میں ملاقات کی تھی۔ صدر زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کی جمعرات کو ہونے والی ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ملک میں نئے صوبوں کے قیام، صوبائی خودمختاری اور آئینی معاملات پر سیاسی بحث جاری ہے۔ بالخصوص سندھ کی تقسیم اور نئے انتظامی یونٹس کے قیام سے متعلق وفاقی حکومت کے بعض رہنماؤں کے بیانات کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان اختلافات بھی سامنے آئے ہیں۔ ایوانِ صدر کے مطابق صدر و وزیرِاعظم کی ملاقات کے دوران اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ تمام سیاسی اور قومی معاملات پر مل بیٹھ کر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ ملاقات میں آئینی ترامیم کے حوالے سے بھی گفتگو کرتے ہوئے کہا گیا کہ ماضی میں کی جانے والی آئینی ترامیم تمام اتحادی جماعتوں کی باہمی مشاورت سے منظور کی گئی تھیں۔  اس کے علاوہ ملاقات میں علاقائی اور مشرقِ وسطیٰ کی صورتِ حال پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کو حکومتی اتحاد میں مشاورت اور رابطوں کے تسلسل کے تناظر میں بھی دیکھا جا رہا ہے۔ خیال رہے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر آئینی طریقہ کار اور سیاسی اتفاق رائے کی ضرورت پر زور دے چکے ہیں، جب کہ وفاقی حکومت کے بعض وزرا نے نئے انتظامی یونٹس کے قیام کے لیے عوامی رائے لینے کی تجویز پیش کی ہے۔