ورلڈ کپ: بھارت کے خلاف نیوزی لینڈ کی بیٹنگ جاری

آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کے 21 ویں میچ میں بھارت نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ میگا ایونٹ میں اب تک نا قابل شکست رہنے والی دونوں ٹیموں کے درمیان اہم میچ بھارتی شہر دھرم شالا میں کھیلا جا رہا ہے جہاں بھارتی کپتان روہت شرما نے پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دونوں ٹیمیں اب تک میگا ایونٹ میں کوئی میچ نہیں ہاریں لیکن بہتر رن ریٹ کی بدولت کیوی ٹیم پوائنٹ ٹیبل پر سر فہرست ہے، گزشتہ ورلڈ کپ کی رنر اپ ٹیم نے اپنے آخری میچ میں افغان ٹیم کو 149 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر ورلڈ ٹورنامنٹ میں لگاتار چوتھی کامیابی حاصل تھی۔ اس سے قبل اس نے بنگلہ دیش کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر تیسری کامیابی حاصل کی تھی جب کہ دوسرے میچ میں اس نے نیدرلینڈز کے خلاف باآسانی 99 رنز سے فتح حاصل کی تھی جب کہ ایونٹ کے پہلے میچ میں اس نے دفاعی چیمپئن انگلینڈ کے خلاف فتح حاصل کی تھی۔ دوسری جانب میزبان بھارتی ٹیم بھی ایونٹ میں نا قابل شکست ہے، اس نے اپنے چوتھے میچ میں بنگلہ دیش کو 7 وکٹوں سے شکست دی، تیسرے میچ میں پاکستان کے خلاف فتح حاصل کی، دوسرے میچ میں افغانستان اور پہلے میچ میں آسٹریلیا کو شکست دی۔ نیوزی لینڈ: ٹام لیتھم (کپتان، وکٹ کیپر)، ڈیون کونوے، ول ینگ، راچن رویندرا، ڈیرل مچل، گلین فلپس، مارک چِیپ مین، مچل سینٹنر، میٹ ہنری، لوکی فرگوسن، ٹرینٹ بولٹ بھارت: روہت شرما (کپتان)، شمن گل، سوریا کمار یادیو، ویرات کوہلی، شریاس ائیر، کے ایل راہول، رویندر جڈیجا، رویچندرن، کلدیپ یادیو، جسپرت بمراہ، محمد شامی، محمد سراج۔