قومی کرکٹ ٹیم پر شدید تنقید، افتخار احمد کا شائقین سے شکوہ

ورلڈکپ میں 4 نومبر کو کھیلے جانے والے نیوزی لینڈ کے خلاف میچ سے قبل پاکستانی آل راؤنڈ افتخار احمد نے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ ’جب ٹیم ہار رہی ہوتی ہے تو سب کہتے ہیں کہ کوئی جان نہیں لگا رہے، اگر ٹیم جیت رہی ہوتی تو کوئی نہیں کہتا کہ بریانی کھا رہے ہیں، ہر پروفیشنل کھلاڑی کو… پاکستان نے ورلڈکپ میں اب تک 7 میچز کھیلے ہیں جن میں 4 میچز میں شکست اور 3 میں فتح حاصل کی ہے، جس کے بعد قومی ٹیم کی سیمی فائنل تک رسائی خطرے میں پڑگئی ہے۔ پاکستان کی ٹیم کو سیمی فائنل تک رسائی کے لیے ناصرف اگلے دونوں میچوں میں کامیابی درکار ہے بلکہ نیٹ رن ریٹ میں بھی نیوزی لینڈ کو پیچھے چھوڑنا ہو گا۔ گرین شرٹس کا اگلے دو میچوں میں گزشتہ ورلڈ کپ کی فائنلسٹ ٹیموں نیوزی لینڈ اور دفاعی چیمپیئن انگلینڈ سے سامنا ہو گا۔ اگر کل (4 نومبر کو) پاکستان کی ٹیم نیوزی لینڈ سے ہار جاتی ہے تو ایسی صورت میں اس کی سیمی فائنل تک رسائی کے تمام دروازے بند ہو جائیں گے اور انگلینڈ کے خلاف کامیابی بھی کسی کام نہ آئے گی۔ نیوزی لینڈ سے میچ سے قبل آل راؤنڈر افتخار احمد نے بنگلورو میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فخر زمان کا ٹیم میں واپس آنا اہم ہے، بھارت کی کنڈیشن میں شروع میں تیز رنز کرنا اہم ہے ، بنگلورو میں ایک میچ کھیل چکے ہیں، یہاں کی کنڈیشن کا اندازہ ہے۔ 32 سالہ آل راؤنڈر نے مزید کہا کہ بنگلادیش کے خلاف جیتنے کے بعد ٹیم کا مورال بلند ہے، اب ہماری توجہ نیوزی لینڈ کے خلاف میچ پر ہیں، ہمیں دعاؤں کی ضرورت ہے تاکہ سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ ’ہم صرف کوشش کرسکتے ہیں ، ہم ورلڈکپ جیتنے کے لیے بھارت میں موجود ہیں، ہم نیٹ رن ریٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے کرکٹ کھیلیں گے اور اسی کے مطابق کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ افتخار احمد نے کہا کہ وہ اب تک باؤلنگ اور بیٹنگ میں اپنی کارکردگی سے مطمئن ہیں لیکن اوپننگ باؤلر کے لحاظ سے انہیں مزید بہتری کی ضرورت ہے۔ ورلڈکپ میں اب تک 7 میچز میں سے مسلسل 4 میچز میں شکست پر بات کرتے ہوئے افتخار احمد نے کہا کہ کوئی بھی ٹیم چاہے کتنی ہی اچھی کیوں نہ ہو، مخالف ٹیم اگر اچھا پرفارم کررہی ہو تو دوسری ٹیم پر ذہنی دباؤ لازمی آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے تمام کھلاڑی اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں، مخالف بلے بازوں کی مضبوط شراکت کسی بھی ٹیم کو پریشان کر سکتی ہے، مجھے یقین ہے کہ ہمارے بلے باز، فیلڈرز اور باؤلرز اپنی پوری کوشش کر رہے ہیں۔’ آل راؤنڈر نے مزید کہا کہ جب ٹیم ہار رہی ہوتی ہے تو سب کہتے ہیں کہ کوئی جان نہیں لگا رہے، اگر ٹیم جیت رہی ہوتی تو کوئی نہیں کہتا کہ بریانی کھا رہے ہیں، ہر پروفیشنل کھلاڑی کو پتہ ہے کہ کیا کرنا ہے۔ انہوں نے مزاحیہ تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ بریابی کھانے سے اگر ملک کا نام بدنام ہوتا ہے تو ہم اس کے بھی خلاف ہیں۔