آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ کے 35ویں میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو جیت کے لیے 402 رنز کا ہدف دے دیا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ڈیون کونوے اور رچن رویندرا نے اننگ کا آغاز کیا جبکہ شاہین آفریدی نے اننگ کا پہلا اوور کرایا۔ نیوزی لینڈ کے اوپنرز نے پارٹنرشپ قائم کر کے اسکور 68 رنز تک پہنچایا جس کے بعد 10.5 اوورز میں ڈیون کونوے 35 رنز پر حسن علی کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ بعدازاں کپتان کین ولیمسن بیٹنگ کرنے کے لیے آئے اور انہوں نے بھی رچن رویندرا کے ساتھ پارٹنرشپ قائم کی اور دونوں بیٹرز نے اچھے رن ریٹ کے ساتھ بیٹنگ جاری رکھی اور اسکور 34 اوورز میں 246 رنز تک پہنچا دیا۔ اس دوران رچن رویندرا نے اپنی سنچری جبکہ کین ولیمسن نے نصف سنچری بنائی۔ نیوزی لینڈ کی دوسری وکٹ 34.2 اوورز میں 248 رنز پر گری جب کپتان کین ولیمسن 95 رنز بنا کر افتخار احمد کی گیند پر فخر زمان کے ہاتھ کیچ آؤٹ ہوئے۔ اگلے ہی اوور میں نیوزی لینڈ کی تیسری وکٹ 261 رنز پر گر گئی جب رچن رویندرا 108 رنز بنا کر محمد وسیم کی گیند پر سعود شکیل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کے خلاف نیوزی لینڈ کی چوتھی وکٹ 41.1 اوورز میں 318 رنز پر گری جب ڈیرل مچل کو 29 رنز پر حارث رؤف نے بولڈ کیا۔ نیوزی لینڈ کی پانچویں وکٹ 44.3 اوورز میں 345 رنز پر گری، محمد وسیم نے مارک چیپمین کو 39 رنز پر بولڈ کیا۔ نیوزی لینڈ کی چھٹی وکٹ 48.5 اوورز میں 388 رنز پر گری، محمد وسیم نے گلین فلپس کو 41 رنز پر بولڈ کیا۔ ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ہم نے پچھلے میچز میں اچھی بولنگ کی ہے، ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے۔ اس موقع پر نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے کہا کہ اچھا ہدف دینے کی کوشش کریں گے، ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی ہیں۔ کین ولیمسن نے بتایا کہ اِش سودھی کی جگہ میٹ ہینری اور وِل ینگ کی جگہ میری واپسی ہوئی ہے، میری ورلڈ کپ کے لیے تیاری محدود رہی۔ قومی اسکواڈ بابراعظم کی قیادت میں وکٹ کیپر بیٹر محنمد رضوان، فخر زمان، عبداللہ شفیق، سعود شکیل، افتخار احمد، سلمان علی آغا، محمد وسیم جونئیر، شاہین آفریدی، حسن علی اور حارث رؤف کیویز کے خلاف اہم میچ میں قومی ٹیم کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ نیوزی لینڈ پلیئنگ الیون ادھر نیوزی لینڈ کی ٹیم میں کپتان کین ولیئمسن کی واپسی ہوگئی ہے، جب کہ ان کے علاوہ وکٹ کیپر ٹام لیتھم، ڈیون کانوے، رچن روندرا، ڈیرل مچل، گلین فلفس، مارک چپمن، مچل سینٹنر، اش سودھی، ٹم ساؤتی اور ٹرینٹ بولٹ نیوزی لینڈ کی پلیئنگ الیون کا حصہ ہیں۔






