ورلڈ کپ: افغانستان کا جنوبی افریقہ کو 245 رنز کا ہدف

ورلڈ کپ 2023 میں افغانستان نے عظمت اللہ عمر زئی کی ناقابل شکست 97 رنز کی اننگز کی بدولت جنوبی افریقہ کو فتح کے لیے 245 رنز کا ہدف دیا ہے۔ احمدآباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں افغانستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ اوپنرز رحمٰن اللہ گرباز اور ابراہیم زدران نے پراعتماد انداز میں اننگز کا آغاز کیا اور 41 رنز کی شراکت قائم کی لیکن نویں اوور کی پہلی گیند پر کیشپ مہاراج نے اپنی ٹیم کو پہلی کامیابی دلاتے ہوئے رحمٰن اللہ گرباز کو چلتا کردیا۔ ابھی افغان ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ اگلے اوور میں اسکور میں بغیر کسی اضافے کے ابراہیم زدران بھی پویلین لوٹ گئے جبکہ 45 کے مجموعی اسکور پر کپتان حشمت اللہ شاہدی آؤٹ ہوئے تو افغان ٹیم تین وکٹوں سے محروم ہو چکی تھی۔ اس مرحلے پر رحمت شاہ کا ساتھ دینے عظمت اللہ عمر زئی آئے اور دونوں نے ذمے دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 49 رنز کی ساجھے داری بنائی لیکن اسی اسکور پر لنگی نگیدی نے 26 رنز بنانے والے رحمت کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔ اکرام علی خیل 12، محمد نبی 2 اور راشد خان 14 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے لیکن دوسرے اینڈ سے عظمت اللہ ڈٹے رہے اور اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ 160 رنز پر 7 کھلاڑی آؤٹ ہونے کے بعد عظمت کا ساتھ دینے نور احمد آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے آٹھویں وکٹ کے لیے مزید 44 رنز جوڑے ، نور 26 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ اختتامی اوورز میں عظمت نے تن تنہار جنوبی افریقی باؤلرز کا سامنا کیا اور اپنی ٹیم کا اسکور 244 تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ افغانستان کی پوری ٹیم 244 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی لیکن عظمت سنچری مکمل نہ کر سکے اور 107 گیندوں پر 7 چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 97 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے جیرالڈ کوئٹزے نے چار جبکہ مہاراج اور نگیدی نے دو، دو وکٹیں لیں۔ اس سے قبل افغانستان کے کپتان حشمت اللہ شاہدی نے ٹاس جیت کر کہا کہ موسم اور پچ کی صورتحال دیکھ کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے، دوسری اننگز میں زیادہ اسپن ہونے کی توقع ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی، مزید کہا کہ اسٹریلیا کے خلاف میچ مشکل تھا، مگر وہ آج کے میچ میں اس کے بارے میں نہیں سوچیں گے۔ جنوبی افریقہ کے کپتان ٹیمبا باووما کا کہنا تھا کہ آج کے میچ میں جینسن اور شمسی کی جگہ جیرالڈ کوئٹزی اور انڈیلے فلوکووایو کو شامل کیا ہے۔ واضح رہے کہ افغانستان پہلے ہی سیمی فائلز کی دوڑ سے باہر ہوگئی ہے، جبکہ جنوبی افریقہ سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکی ہے۔ جنوبی افریقہ نے کھیلے جانے والے 8 میچز میں 6 اپنے نام کیے ہیں، جبکہ اسے بھارت اور نیدرلینڈز کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا، بھارت نے جنوبی افریقہ کو 243 رنز کے بڑے ہدف سے ہرایا تھا۔ پوائنٹس ٹیبل پر جنوبی افریقہ دوسرے نمبر پر ہے، جبکہ افغانستان کا نمبر چھٹا ہے۔ میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔ جنوبی افریقہ: ٹیمبا باووما (کپتان)، ایڈن مرکرم، کوئنٹن ڈی کوک، راسی وین ڈر ڈوسن، ہینرک کلاسن، ڈیوڈ ملر، کگیسو ربادا، کیشپ مہاراج، لنگی نگیدی، جیرالڈ کوئٹزی، انڈیلے فلوکووایو افغانستان: حشمت اللہ شاہدی (کپتان)، رحمٰن اللہ گرباز، ابراہیم زدران، رحمت شاہ، محمد نبی، اکرام علی خیل، عظمت اللہ عمر زئی، راشد خان، مجیب الرحمٰن، نور احمد، نوین الحق۔