پی سی بی کا غیر ملکی کوچز کے متعلق بڑا فیصلہ

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے غیر ملکی کوچز اسٹاف کو تبدیل کرنے پر غور شروع کردیا۔ ذرائع کے مطابق ڈائریکٹر کرکٹ مکی آرتھر کل پی سی بی ہیڈ کوارٹر جائیں گے، مکی آرتھر سمیت کوچ گرانٹ بریڈ برن اور بیٹنگ کوچ اینڈریو پوٹیک کی چھٹی کا امکان ہے۔ پی سی بی نے غیر ملکی کوچز کی جگہ ملکی کوچز رکھنے پر اتفاق کیا ہے اور اسی سلسلے میں سابق کپتانوں سے چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف کی ملاقاتوں کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا ہے۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ 17 نومبر کو ذکا اشرف آئی سی سی اجلاس میں شرکت کے لیے بھارت جائیں گے اور بھارت روانگی سے قبل ذکا اشرف ٹیم مینجمنٹ اور کپتان بابراعظم سے ملاقات کریں گے جس میں ایشیاکپ اور ورلڈکپ کی کارکردگی پر بات چیت ہوگی۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کرکٹ ٹیم کے جنوبی افریقی بولنگ کوچ مورنی مورکل نے استعفیٰ دے دیا تھا۔