سیمی فائنل سے قبل سہواگ کا بھارتی ٹیم کو اہم مشورہ

آئی سی سی ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں آج بھارت اور نیوزی لینڈ پہلے ٹکرائیں گے اس بڑے مقابلے سے قبل سابق بھارتی بیٹر وریندر سہواگ نے اپنی ٹیم کو قیمتی مشورہ دیا ہے۔ سابق بھارتی اوپنر سہواگ نے بلیو شرٹس اسکواڈ کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ممبئی میں نیوزی لینڈ کے خلاف سیمی فائنل میچ میں ہار کا ڈر نکال دیں اور بے خوف ہوکر کرکٹ کھیلیں۔ بھارت جو رواں ورلڈ کپ میں نا قابل شکست رہنے کا ریکارڈ رکھتی ہے تاہم مدمقابل کیویز کو آج تک کسی بھی میگا ایونٹ کے ناک آؤٹ مرحلے میں شکست نہیں دے سکی ہے۔ آخری بار 2019 کے ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ نے بھارتی کو سیمی فائنل میں ہرایا تھا۔ اسی حوالے سے ایک تقریب میں بات کرتے ہوئے سابق لیجنڈ بھارتی اوپنر سہواگ نے کہا کہ نتائج کے بارے میں مت سوچو بلکہ بے خوف ہوکر کھیلو اور اپنا بہترین کھیل پیش کرو۔ اگر 11 کھلاڑی اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں تو وہ جیت جائیں گے۔ تاہم وریندر سہواگ نے اعتراف کیا کہ ناک آؤٹ مرحلے میں اچھی کرکٹ کھیلنے کے علاوہ قسمت کا بھی عمل دخل ہوتا ہے۔