پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے نانا ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی کے خلاف صدارتی ریفرنس پر سماعت لائیو ٹیلی کاسٹ کرنے کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی۔ بلاول بھٹو کی جانب سے درخواست وکیل فاروق ایچ نائیک نے دائر کی، درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ صدارتی ریفرنس میرے والد آصف علی زرداری کی جانب سے دائر کیا گیا۔ بلاول بھٹو کی جانب سے مؤقف اپنایا گیا کہ ذوالفقار علی بھٹو کو ایک قتل کی سازش کے الزام میں سزائے موت سنائی گئی، ذوالفقار بھٹو کو پھانسی دے دی گئی جوکہ ملکی تاریخ میں نظام، انصاف کا بدترین زوال تھا۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی دے دی گئی لیکن ان کا نظریہ آج بھی زندہ ہے، انہوں نے تمام عمر قانون کی حکمرانی کی جدوجہد کی، ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی دینا پورے عدالتی نظام پر دھبہ ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ اس دھبے کو مٹانے کے لیے عدالتی کارروائی براہ راست نشر کی جانی چاہیے تاکہ پورا پاکستان اسے سن سکے اور شفافیت آئے۔ واضح رہے کہ ذوالفقار علی بھٹو قتل کیس پر صدارتی ریفرنس سپریم کورٹ میں 11 سال بعد رواں ماہ سماعت کے لیے مقرر کردیا گیا ہے۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا 9 رکنی لارجر بینچ 12 دسمبر کو (کل) ذوالفقار علی بھٹو کیس کی سماعت کرے گا۔ یاد رہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری نے اپریل 2011 میں صدارتی ریفرنس سپریم کورٹ میں دائر کیا تھا۔






