صدارتی امیدوار و سابق صدر آصف علی زرداری اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے رہنما محمود اچکزئی کے کاغذات نامزدگی منظور ہوگئے ہیں۔ صدارتی امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا سلسلہ جاری ہے، الیکشن کمیشن نے اسکروٹنی کے موقع پر میڈیا کو باہر نکال دیا۔ سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے صدارتی امیدوار کے لیے کاغذات نامزدگی اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرائے گئے تھے جنہیں جانچ پڑتال کے بعد منظور کرلیا گیا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر صدارتی انتخابات کے ریٹرننگ افسر ہیں انہوں نے اسکروٹنی کے بعد سابق صدر کے کاغذات منظور کیے۔ پی پی رہنما فاروق ایچ نائیک نے بتایا کہ آصف زرداری کے کاغذات نامزدگی پر کوئی اعتراض نہیں کیا گیا اور ان کے بطور صدارتی امیدوار کاغذات منظور کرلیے گئے۔ واضح رہے کہ سنی اتحاد کونسل کی جانب سے محمود اچکزئی کو صدارتی امیدوار نامزد کیا گیا ہے۔






