دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے غزہ میں ماہ صیام میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ میں شہریوں کے قتل عام کی مذمت کرتے ہیں، رمضان کی آمد پر فلسطینیوں پر پابندیوں کے خاتمے کےحامی ہیں، فلسطینیوں کو مسجد اقصیٰ میں عبادت کی اجازت دی جائے۔ ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ غزہ میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں۔ ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں حریت قیادت پر مظالم بند کیے جائیں، پاکستان کشمیری بھائیوں کی سفارتی و سیاسی امداد جاری رکھے گا۔ دفتر خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ تنزانیہ پاکستان کا اہم تجارتی شراکت دار ہے، پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان سیاسی مذاکرات کا نواں دور اسلام آباد میں ہوا، پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات سمیت مختلف شعبوں کے تمام پہلوؤں کا احاطہ کیا گیا۔ ان کا کہنا ہے کہ پاکستان جدہ میں وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کا خیر مقدم کرتا ہے، اجلاس میں فلسطین میں جنگ بندی کا مطالبہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیرِ اعظم کی طرف سے وزیرِ اعظم شہباز شریف کو مبارکباد کا ٹوئٹ دیگر ممالک کے تہنیتی پیغامات کی طرح موصول ہوا، نئی کابینہ کی تشکیل ہو رہی ہے، کابینہ بننے کے بعد نئی حکومت خارجہ پالیسی بنائے گی۔ ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا ہے کہ امریکا کی طرف سے گرفتار کیے گئے پاکستانیوں کی شہریت کی تصدیق کے منتظر ہیں۔






