عالمی امن کیلئے امریکا کے ساتھ ملکر کام کرنے کے خواہاں ہیں: وزیر اعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر جو بائیڈن کے خط کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاک امریکا تعلقات کو کلیدی اہمیت دیتے ہیں۔ پاکستان امریکا کے ساتھ عالمی امن، خطے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے کام کرنے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے لکھا کہ دونوں ممالک کے درمیان توانائی اورگرین الائنس اقدام میں تعاون خوش آئند ہے۔ شہباز شریف نے خط میں کہا ہے کہ پاکستان امریکا کے ساتھ تعلقات کو کلیدی اہمیت دیتا ہے اور دونوں ملک توانائی، موسمیاتی تبدیلی اور زراعت سمیت دیگر شعبوں میں مل کرکام کررہے ہیں۔ خط میں وزیراعظم نے کہا کہ امریکا کے ساتھ عالمی امن وسلامتی کیلئے مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں اور خطے کی ترقی وخوشحالی کے مشترکہ ہدف کے حصول کیلئے بھی مل کرکام کرنا چاہتے ہیں۔ خیال رہے کہ گزشتہ دنوں امریکی صدر جو بائیڈن کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھا گیا تھا اور یہ وزیراعظم شہباز شریف کے منصب سنبھالنے کے بعد امریکی صدر کا پہلا خط تھا۔ یہ طویل عرصے کے بعد کسی بھی امریکی صدرکا پاکستانی وزیراعظم کو پہلا سفارتی خط ہے اور یہ تہنیتی خط پاکستان اور امریکا کے درمیان سفارتی تعلقات میں بحالی کا عندیہ ہے۔ سائفر معاملے اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے الزامات سے دونوں ممالک کے تعلقات میں سرد مہری آگئی تھی، وزیراعظم شہباز شریف کےآنےکے بعد امریکا کےساتھ تعلقات کی بحالی اور بہتری دیکھنے میں آئی۔