چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا انتخاب عدالت میں چیلنج

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا انتخاب اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا۔ پی ٹی آئی کے 5 سینیٹرز نے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کا انتخاب روکنے کے لیے درخواست دائر کر دی۔ درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ خیبر پختونخوا کی سینیٹ نشستوں کے انتخاب تک چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کا انتخاب روکا جائے۔ واضح رہے کہ صدر مملکت آصف علی زرداری نے سینیٹ کا اجلاس 9 اپریل کو طلب کر لیا ہے۔ سینیٹ کا اجلاس 9 اپریل کی صبح 9 بجے ہو گا، اجلاس میں نئے اراکین کی حلف برداری ہو گی۔ سینیٹ اجلاس میں چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا الیکشن بھی ہو گا۔ واضح رہے کہ سینیٹ میں 24 نشستوں کے ساتھ پیپلز پارٹی سب سے بڑی پارٹی بن گئی ہے جبکہ پی ٹی آئی اور ن لیگ بالترتیب 19، 19 سینیٹرز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے چیئرمین سینیٹ کے عہدے کے لیے یوسف رضا گیلانی کو نامزد کر رکھا ہے۔