ٹی 20 ورلڈ کپ کیلئے گروپ 2 میں صورتحال مزید دلچسپ ہوگئی۔
پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کی امیدیں اب بھی زندہ ہیں جبکہ بھارت کیلئے خطرے کی گھنٹیاں بج گئی ہیں، اتوار کو ہونے والے میچز میں حتمی فیصلہ ہوجائے گا۔
پاکستان نے جمعرات کو جنوبی افریقا کے خلاف میچ جیت کر ایونٹ میں دوسری کامیابی اپنے نام کی اور سیمی فائنل میں پہنچنے کی امیدوں کو زندہ رکھا۔
پاکستان اپنے 4 میچز کھیل چکا ہے جس میں اسے 2 میں کامیابی اور 2 میں شکست ہوئی اس طرح گروپ 2 میں پاکستان 4 پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن پر آگیا ہے۔
گروپ 2 میں بھارت 6 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ جنوبی افریقا پاکستان سے شکست کے بعد بھی 5 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔
پاکستان کو سیمی فائنل میں پہنچنے کے لئے نہ صرف اپنا اگلا میچ جیتنا ہوگا بلکہ دعاؤں کی بھی ضرورت ہوگی۔
اتوار کو ہونے والے میچ میں جنوبی افریقا نیدرلینڈز سے اپ سیٹ شکست کھاجاتا ہے یا بارش کی وجہ سے دونوں کو ایک ایک پوائنٹ مل جاتا ہے تو جنوبی افریقا اور پاکستان کے 6، 6 پوائنٹس ہوجائیں گے۔
پاکستان اگر بنگلہ دیش کو بڑے مارجن سے ہراتا ہے تو جنوبی افریقا سے رن ریٹ بہتر ہونے کی صورت میں سیمی فائنل میں جاسکتا ہے، اگر بھارت زمبابوے سے ہار جاتا ہے تب بھی پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کی امید ہے۔
پاکستان کے بنگلہ دیش سے جیتنے کی صورت میں پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان کے پوائنٹس 6 ہو جائیں گے، پاکستان کا نیٹ رن ریٹ بھارت سے بہتر ہے اس لیے پاکستان پوائنٹس ٹیبل میں بھارت سے اوپر پہنچ جائے گا۔
Pakistan stay alive in the race to the #T20WorldCup semi-finals ?Standings ? https://t.co/cjmWWRz68E pic.twitter.com/JscjoLWNye
— ICC (@ICC) November 3, 2022
اپنے آخری گروپ میچ میں بھارت کا مقابلہ زمبابوے سے ہوگا اور اگر بھارت زمبابوے سے ہار جاتا ہے تو اگر جنوبی افریقہ اور پاکستان ان میچوں میں جیت جاتے ہیں، تو وہ بالترتیب 7 اور 6 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل میں ٹاپ 2 میں جگہ بنا لیں گے اور انڈیا باہر ہوسکتا ہے۔

