آخری ٹی ٹوئنٹی: پاکستان کا ویسٹ انڈیز کو 190 کا ہدف

پاکستان نے تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے آخری اور فیصلہ کن میچ میں ویسٹ انڈیز کو 190 کا ہدف دے دیا۔ امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر لاوڈر ہل میں کھیلے گئے تیسرے میچ میں کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ اس اہم مقابلے کے لیے قومی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئیں، شاہین شاہ آفریدی کی جگہ حارث جبکہ فخر زمان کی جگہ خوشدل شاہ کو شامل کیا گیا۔ پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 189 رنز بناتے ہوئے ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے 190 رنز کا ہدف دے دیا۔ پاکستان کے صائم ایوب نے 74 اور صاحبزادہ فرحان نے 66 رنز بنائے، حسن نواز نے 15 جبکہ فہیم اشرف نے 10 رنز بنائے۔ ٹیم میں ردوبدل کے بعد شامل کیے جانے والے خوشدل شاہ اور حارث نے بالترتیب 11 اور 2 رنز بنائے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیسن ہولڈر، روسٹن چیز اور شمار جوزف نے ایک ایک وکٹ لی۔ یاد رہے کہ تین میچز پر مشتمل سیریز اس وقت 1-1 سے برابر ہے جبکہ آج کا میچ فیصلہ کن حیثیت رکھتا ہے۔