جنوبی افریقی نوجوان بیٹر میتھیو بریٹزکی نے ون ڈے کرکٹ میں نیا ریکارڈ بنا ڈالا۔ صرف 5 ون ڈے میچز کھیلنے والے بریٹزکی نے جمعرات کو انگلینڈ کے خلاف دوسرے ون ڈے میں 85 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر اپنی مسلسل فارم کو برقرار رکھا اور ایک منفرد اعزاز اپنے نام کرلیا۔ یہ ان کے ون ڈے کیریئر کی مسلسل پانچویں نصف سنچری تھی، جس کے ساتھ ہی وہ دنیا کے پہلے بیٹر بن گئے جنہوں نے ڈیبیو کے بعد ابتدائی 5 میچز میں 5 ففٹی پلس اسکور کیے۔ بریٹزکی نے رواں سال فروری میں نیوزی لینڈ کے خلاف ڈیبیو پر 150 رنز کی یادگار اننگز کھیلی تھی۔ اس کے بعد پاکستان کے خلاف 83، تیسرے میچ میں 57، چوتھے میں 88 اور پانچویں میچ میں 85 رنز اسکور کیے۔ اب تک وہ اپنے 5 میچز میں 463 رنز بنا چکے ہیں۔ اس سے قبل بھارت کے سابق اوپنر نوجوت سنگھ سدھو نے 1987 میں ون ڈے ڈیبیو کے بعد مسلسل 4 نصف سنچریاں اسکور کی تھیں۔ واضح رہے کہ جمعرات کو کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقا نے انگلینڈ کو 5 رنز سے شکست دے کر 3 میچز کی سیریز میں 1-2 کی ناقابل شکست برتری حاصل کرلی۔ جنوبی افریقا نے پہلے کھیلتے ہوئے 8 وکٹوں پر 330 رنز بنائے جواب میں میزبان انگلش ٹیم 9 وکٹوں پر 325 رنز بناسکی۔






