پاک بھارت میچ بارش کی نذر ہوگیا تو کیا ہوگا؟ مکمل صورتحال سامنے آگئی

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان گروپ اے کا بڑا مقابلہ آج کولمبو کے آر پریم داسا اسٹیڈیم میں شیڈول ہے، تاہم اس اہم میچ پر بارش کے سائے منڈلا رہے ہیں۔ اگرچہ دونوں ٹیمیں میدان میں اترنے کے لیے تیار ہیں، لیکن موسمی صورتحال اس ہائی پروفائل مقابلے کے انعقاد پر سوالیہ نشان بن… موسمی پیش گوئی کے مطابق کولمبو میں دن کے وقت بارش کے امکانات تقریباً 65 فیصد ہیں، جبکہ دوپہر میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور گھنے بادل متوقع ہیں۔ رات کے وقت بارش کا امکان کم ہو کر 25 فیصد رہ جاتا ہے، تاہم بعض مقامی رپورٹس کے مطابق شام کے ابتدائی اوقات میں بارش کا امکان 49 سے 65 فیصد تک ہو سکتا ہے۔ ایک نجی موسمیاتی ادارے نے اتوار کو بارش کا امکان 93 فیصد تک ظاہر کیا ہے، جس سے شائقین کی تشویش میں اضافہ ہوگیا ہے۔ اگر میچ بارش کی وجہ سے متاثر ہوا تو کیا ہوگا؟ آئی سی سی قوانین کے مطابق کسی بھی ٹی 20 میچ میں نتیجہ حاصل کرنے کے لیے کم از کم پانچ اوور فی اننگز کا کھیل ضروری ہے۔ اگر دونوں ٹیمیں پانچ پانچ اوور بھی مکمل نہ کر سکیں تو میچ منسوخ قرار دے دیا جائے گا۔ گروپ مرحلے کے میچز کے لیے کوئی ریزرو ڈے موجود نہیں ہے، لہٰذا مکمل واش آؤٹ کی صورت میں دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا جائے گا۔ گروپ اے کی موجودہ صورتحال اس وقت بھارت اور پاکستان دونوں دو میچوں میں چار چار پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہیں، تاہم بہتر نیٹ رن ریٹ کی بنیاد پر بھارت کو سبقت حاصل ہے۔ اگر یہ میچ بارش کے باعث بے نتیجہ ختم ہوتا ہے اور پوائنٹس تقسیم ہو جاتے ہیں تو دونوں ٹیمیں سپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کر جائیں گی۔ گروپ کی دیگر ٹیمیں، جن میں امریکا، نیدرلینڈز اور نمیبیا شامل ہیں، زیادہ سے زیادہ چار پوائنٹس تک پہنچ سکتی ہیں، جس کے بعد کوالیفکیشن کا فیصلہ نیٹ رن ریٹ پر ہوگا۔ مالی نقصان کا خدشہ پاک بھارت میچ دنیا بھر میں سب سے زیادہ دیکھا جانے والا مقابلہ سمجھا جاتا ہے۔ میچ منسوخ ہونے کی صورت میں براڈکاسٹرز کو اشتہارات کی مد میں بھاری نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے، جبکہ مکمل واش آؤٹ کی صورت میں ٹکٹوں کی رقم بھی واپس کرنا پڑ سکتی ہے، جس سے میزبان بورڈ کو مالی دھچکا لگنے کا خدشہ ہے۔ سابق کرکٹر کا بیان سابق پاکستانی کرکٹر باسط علی نے ایک ٹی وی پروگرام میں کہا کہ وہ بارش کے خواہاں ہیں۔ ان کے اس بیان نے سوشل میڈیا اور کرکٹ حلقوں میں نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ شائقین کرکٹ کی نظریں اس وقت آسمان پر جمی ہوئی ہیں۔ اگر موسم نے ساتھ دیا تو دنیا ایک اور سنسنی خیز پاک بھارت مقابلہ دیکھے گی، اور اگر بارش آڑے آ گئی تو دونوں ٹیمیں ایک ایک پوائنٹ پر اکتفا کریں گی اور یہ بڑا ٹاکرا ادھورا رہ جائے گا۔