پاکستان کیخلاف ٹیسٹ سیریز، سری لنکن کپتان کا کپتانی سے دستبردار ہونے کا اعلان

سری لنکا کے ٹیسٹ کپتان دھنانجایا ڈی سلوا نے فوری طور پر ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی سے دستبردار ہونے کا اعلان کردیا۔ سری لنکا کرکٹ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق دھنانجایا ڈی سلوا نے سلیکشن کمیٹی کو خط لکھ کر کپتانی چھوڑنے کے فیصلے سے آگاہ کیا۔ دھنانجایا ڈی سلوا نے کہا کہ ان کی رائے میں قیادت کی ذمہ داری اب اگلی نسل کو منتقل ہونی چاہیے۔ انہوں نے کپتانی سے دستبرداری کے باوجود بطور کھلاڑی سری لنکا کی نمائندگی جاری رکھنے کی تصدیق کی ہے۔ سری لنکا کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو ایشلے ڈی سلوا نے دھنانجایا ڈی سلوا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ بورڈ ان کے مستقبل کے کیریئر کے لیے نیک خواہشات رکھتا ہے اور بطور کھلاڑی ان کی خدمات کا منتظر ہے۔ علم میں رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچز کی سیریز شیڈول ہے جس کا پہلا میچ 9 نومبر کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں اور 17 نومبر کو دوسرا ٹیسٹ میچ قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ سری لنکا کرکٹ نے ٹیسٹ سیریز کے لیے نئے کپتان اور اسکواڈ کا اعلان کرنا ہے اور کوشل مینڈس کو ٹیسٹ ٹیم کا عبوری کپتان بنائے جانے کا امکان ہے۔