الیکشن کمیشن نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات 2015 کے بلدیاتی قانون کے تحت کروانے کا حکم دے دیا، کمیشن کے حکم کے بعد انتخابی شیڈول بھی جاری کر دیا گیا۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں پانچ رکنی کمیشن نے سماعت کی۔ سیکرٹری داخلہ اور الیکشن کمیشن حکام پیش ہوئے۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے کمیشن کا مختصر حکم نامہ بھی پڑھ کر سنایا جس میں اسلام آباد میں 2015 کے قانون کے مطابق انتخابات کروانے کا حکم دیا گیا۔ اسپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن ظفر اقبال ملک نے بریفنگ دی کہ اسلام آباد میں چھ مرتبہ حلقہ بندیاں کی جا چکی ہیں، چار مرتبہ انتخابی شیڈول بھی جاری کیا گیا، آخری انتخابی پروگرام نو اکتوبر 2026 کو جاری کیا گیا تھا جس کے تحت فروری 2026 میں پولنگ ہونا تھی۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ حکومت کے جاری کردہ صدارتی حکم کی مدت 6 ستمبر کو ختم ہوگئی، 14 اکتوبر کو حتمی حلقہ بندیاں شائع کر دی گئیں، وزارت داخلہ کو صدارتی حکم کی مدت ختم ہونے سے متعلق دو مرتبہ یاددہانی کے خطوط بھجوائے۔ اسپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن نے بتایا کہ اسلام آباد بلدیاتی حکومت کے قواعد اب تک فراہم نہیں کیے گئے، وزارت قانون نے قواعد کی منظوری دینے سے بھی انکار کر دیا، وفاقی حکومت نے تاحال نیا بلدیاتی قانون نہیں بنایا، لہٰذا 2015 کا بلدیاتی قانون موجود ہے اسی کے تحت انتخابات کی اجازت دی جائے۔ سیکرٹری داخلہ نے الیکشن کمیشن میں اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ پیش کیے گئے حقائق درست ہیں، 2015 کے قانون کے تحت انتخابات کی صورت میں اب تک کی کارروائی ختم کرنا پڑے گی۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے کہا کہ اگر 2015 کے قانون کے تحت انتخابات کروائے جائیں تو حلقہ بندیوں پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ وزیر داخلہ، سیکرٹری داخلہ، چیف کمشنر اور وزراء کی کمیٹی نے یقین دہانیاں کرائی تھیں، ایسا محسوس ہوتا ہے حکومت اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کرانا ہی نہیں چاہتی۔ چیف الیکشن کمشنر نے واضح کیا کہ آئین کے مطابق بلدیاتی انتخابات قانون کے تحت کروانا لازم ہیں، الیکشن کمیشن مجبور ہو کر اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کا حکم دے رہا ہے۔ انتخابی شیڈول جاری بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے حکم کے بعد الیکشن کمیشن نے انتخابات کا شیڈول بھی جاری کر دیا جس کے مطابق اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ 20 دسمبر کو ہوگی۔ شیڈول کے مطابق 30 اکتوبر سے کاغذات نامزدگی جاری کیے جائیں گے، 2 سے 6نومبر کو کاغذات نامزدگی جمع کروائے جا سکیں گے، 7نومبر کو نامزدگی امیدواروں کی لسٹ آویزاں کی جائے گی۔ الیکشن کمیشن شیڈول کے مطابق 9 سے 13نومبر تک امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال ہوگی، فیصلوں کے خلاف اپیلیں 14 سے 18نومبر کو دائر کی جا سکیں گی، اپیلوں پر فیصلے 19 سے 23 نومبر تک ہوں گے۔ امیدواروں کی حتمی فہرست 25 نومبر کو آویزاں کی جائے گی، امیدواروں کے انتخابی نشان کی الاٹ منٹ 26 نومبر کو ہوگی۔ اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ 20 دسمبر کو ہوگی اور انتخابی نتائج 21 سے 24 دسمبر تک جاری کیے جائیں گے۔ الیکشن کمیشن نے پنجاب اور کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے لوکل گورنمنٹ انتخابات کے کیس 28 اکتوبر کو الیکشن کمیشن میں سماعت کے لیے مقرر کر دیے گئے۔ پنجاب کے حوالے سے کیس میں چیف سیکرٹری اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو نوٹس جاری کر دیا گیا ہے جبکہ کنٹونمنٹس کے کیس میں بھی سیکرٹری وزارت دفاع اور ڈائر یکٹر جنرل ملٹری لینڈ اینڈ کنٹونمنٹ کو نوٹس جاری کر دیا گیا ہے۔ facebook

