ورلڈکپ: بھارتی ویزے نہ ملنے پر پی سی بی نے آئی سی سی کو خط لکھ دیا

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 میں شرکت کے لے بھارت کی جانب سے تاحال قومی ٹیم کے ویزوں میں تاخیر پر آئی سی سی کو خط لکھ دیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق خط کے متن کے مطابق پی سی بی نے اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا اور ہوسٹ ممبرز ایگریمنٹ کی یاددہانی کروائی ہے۔ خط میں پی سی بی نے کہا کہ تین سال سے اسی ایشو سے متعلق بار بار کہا گیا، پاکستان کے تحفظات پر کوئی دھیان نہیں دیا گیا اور آج صورتحال یہ ہے کہ تاحال پاکستانی اسکواڈ کو ویزے جاری نہیں ہوئے۔ پی سی بی نے خط میں کہا کہ غیر یقینی کی صورتحال ہے، گزرتے وقت کے ساتھ یہ صورتحال بڑھتی جا رہی ہے جو پریشان کن ہے۔ پی سی بی نے آئی سی سی کو کہا کہ جب بھی رابطہ کیا گیا تو کہا گیا کہ 24 گھنٹوں میں ویزے آجائیں گے، افسوس ہے کہ اب تک کوئی پیشرفت نہیں ہوئی ہے اور امید دلانے کے باوجود اب تک ویزوں کا اجراء نہیں ہو سکا۔