پاکستانی شائقین کرکٹ تاحال بھارتی ویزے سے محروم، ورلڈکپ، پاکستان کا معاملہ آئی سی سی میں لے جانے کا فیصلہ

نگراں وزیر خارجہ جلیل عباسی جیلانی کا کہنا ہے کہ ورلڈکپ میں پاکستانی شائقین کرکٹ کو ویزے جاری نہ ہونے پر آئی سی سی سے بات کریں گے۔ وزارت خارجہ میں پریس کانفرنس کے دوران نگراں وزیر خارجہ نے کرکٹ ورلڈکپ میں پاکستانی شائقین کرکٹ کو تاحال بھارتی ویزے نہ ملنے کے معاملے پر کہا کہ آئی سی سی کے رولز کے مطابق پاکستانی شائقین کرکٹ کو ویزے دینا لازم ہے، ہمارے شائقین کرکٹ کو ویزے ملنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی فینز کے ویزا حصول کیلئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے سامنے معاملے اُٹھائیں گے۔ دوسری جانب میگا ایونٹ کے آغاز سے قبل ہی پاکستان کرکٹ ٹیم کے مداح ’’چاچا بشیر‘‘ کو حیدرآباد دکن کے سیکیورٹی اہلکاروں نے ایئرپورٹ پر پاکستانی پرچم لہرانے سے روک دیا، جس پر شائقین کرکٹ کی جانب سے شدید غم و غصے کا اظہار کیا جارہا ہے۔ سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر (ایکس) ویڈیو گردش کررہی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ چاچا بشیر حیدرآباد ائیرپورٹ پر ٹیم کی آمد پر نعرے لگارہے ہیں جبکہ کچھ لوگوں کو انکا مذاق اڑاتے ہوئے سناجاسکتا ہے۔