قومی کرکٹ ٹیم ان دنوں آئی سی سی ورلڈکپ کھیلنے بھارت میں موجود ہے، گزشتہ رات پاکستان ٹیم کے آرام کے دن پر ٹیم مینجمنٹ نے حیدرآباد دکن کے جیول آف نظام ریسٹورنٹ میں رات کا کھانا کھانے کا فیصلہ کیا۔ جہاں قومی کرکٹرز مقامی روایتی کھانوں سے لطف اندوز ہوئے، ڈنر کے ساتھ قومی اسکواڈ کے اراکین نے روایتی پان بھی کھائے۔ تاہم اتوار کو حیدرآباد دکن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان نے کہا کہ بھارت میں ائیرپورٹ پر شاندار ویلکم کیا گیا، اس طرح کے استقبال پر بہت زیادہ خوشی ہو رہی ہے۔ شاداب خان نے کہا کہ بھارت میں جس طرح کی مہمان نوازی کی گئی، مزہ آیا، کھانے بڑے اچھے ہیں، ہمارا گورا اسٹاف بھی ان کھانوں پر لگ گیا ہے۔ قومی ٹیم کے نائب کپتان نے کہا کہ بھارتی کھانے اتنے لذیذ ہیں کہ لگتا ہے کہ ہمارا فیٹ لیول اور وزن بڑھ جائے گا، امید ہے کہ احمد آباد میں جب بھارت کے خلاف کھیل رہے ہوں گے تو ایسی ہی مہمان نوازی ملے گی۔ شاداب خان نے مزید کہا کہ بحیثیت ٹیم ہمارا ایشیا کپ اچھا نہیں رہا، یہی کرکٹ کی خوبصورتی ہے کہ آپ غلطیوں سے سیکھتے ہیں، آپ کے پاس موقع ہوتا ہے کہ غلطیوں سے سیکھ کر انہیں بہتر کرنے کی کوشش کریں، ایشیا کپ میں ہارنے کے بعد ہمیں آرام ملا ہے۔

