ورلڈ کپ: نیدرلینڈ کا پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ

پاکستان ورلڈ کپ میں اپنی مہم شروع کرنے کے لیے تیار ہے اور نیدر لینڈ نے ٹاس جیت کر گرین شرٹس کے خلاف پہلے اپنے بولرز کو آزمانے کا فیصلہ کیا ہے۔ آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کا آج دوسرا میچ حیدرآباد دکن کے راجیو گاندھی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے۔ پاکستان اس میچ سے میگا ایونٹ میں اپنی مہم کا آغاز کر رہا ہے۔ نیدر لینڈ کے کپتان اسکاٹ ایڈورڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے ڈچ کپتان اسکاٹ ایڈورڈ نے کہا ہم نے گزشتہ کچھ سالوں سے پاکستان کے خلاف میچز کھیلے ہوئے ہیں یہ تجربہ کام میں لائیں گے اور کم اسکور پر آؤٹ کرنےکی کوشش کریں گے۔ قومی کپتان بابر اعظم نے کہا کہ آج کے میچ میں فخر اور امام اوپننگ کریں گے۔ آج کے میچ میں اچھی کارکردگی دکھائیں گے اور 290 سے زائد اسکور کرکے اچھا ہدف دینے کی کوشش ہوگی۔ پاکستان نے اپنے پہلے میچ میں کمزور حریف نیدر لینڈ کے خلاف فخر زمان اور امام الحق کو فارم میں واپسی کا موقع فراہم کیا ہے اور عبداللہ شفیق آج کا میچ نہیں کھیلیں گے جب کہ مڈل آرڈر میں آغا سلمان پر سعود شکیل کو ترجیح دی گئی ہے۔ آج کے میچ کے لیے پاکستان ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے: بابر اعظم (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان)، فخر زمان، امام الحق، سعود شکیل، محمد رضوان، افتخار احمد، محمد نواز، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور حسن علی نیدر لینڈ کی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ اسکاٹ ایڈورڈ (کپتان)، کولن ایکرمن، بیس ڈی لیڈ، تیجا ندامانورو، آریان دت، میکس اوڈوڈ، ثاقب ذوالفقار، لوگان ون بیک، ریلوف وینڈر، پال ون، وکرم جیت سنگھ میگا ایونٹ سے قبل ہونے والے وارم اپ میچز میں پاکستان کو اپنے دونوں وارم میچز میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ سے شکست ہوئی اس لیے نیدر لینڈز سے جیت ٹیم کا حوصلہ بڑھائے گی جب کہ حریف ڈچ ٹیم کے وارم اپ میچز بارش کی نذر ہونے کے باعث اسے میگا ایونٹ کی بھرپور تیاری کا موقع نہیں مل سکا۔ ڈچ ٹیم اپ سیٹ کے ارادے سے میدان میں اترے گی اور اعداد وشمار کے مطابق پاور پلے میں نیدر لینڈز کی بیٹنگ تگڑی ہے اور ابتدائی دس اوورز میں زیادہ اوسط سے رنز بنانے والی دوسری ٹیم ہے جس کے پاس بہترین اسپنرز بھی ہیں جب کہ آل راونڈر باس ڈی لیڈے ٹیم کے ٹرم کارڈ ثابت ہو سکتے ہیں۔ تاہم اسپن بولنگ کو کھیلنا ہی نیدر لینڈ ٹیم کی سب سے بڑی کمزور ہے اور آج میچ میں شاداب، نواز کے ساتھ افتخار احمد کا کردار اہم ہو سکتا ہے۔ ہیڈ ٹو ہیڈ مقابلوں میں پاکستان نا قابل شکست ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان 6 میچز ہوئے ہیں اور تمام میں گرین شرٹس نے کامیابی حاصل کی ہے۔ دونوں ٹیمیں پہلی بار 1996 میں مد مقابل آئی تھیں۔ آخری میچ اگست 2022 میں کھیلا گیا تھا، ورلڈ کپ میں مجموعی طور پر دونوں ٹیموں کا یہ تیسرامقابلہ ہے۔۔ حیدرآباد دکن میں میچز ہائی اسکورنگ ہونے کی توقع ہے کیونکہ دونوں وارم اپ میچز کی چاروں اننگز میں 300 سے زائد رنز بنے ہیں۔