ورلڈکپ میں پاکستان اور آسٹریلیا کتنی بار مدمقابل آئے؟

آئی سی سی ورلڈکپ میں پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں کل بنگلور کے چناسوامی کرکٹ اسٹیڈیم میں مدمقابل آئیں گی۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین میگا ایونٹس میں 1975 سے 2019 کے درمیان 10 مقابلے کھیلے گئے ہیں۔ 1975: ون ڈے کرکٹ کے پہلے ورلڈکپ میں ہی پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں آمنے سامنے آئیں جس میں کینگروز نے پاکستان کو با آسانی 73 رنز سے شکست دے دی تھی۔ 1979: پاکستان اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیمیں ورلڈکپ کے دوسرے ایڈیشن میں ایک بار پھر مدمقابل آئیں اس بار پاکستان نے گزشتہ ورلڈکپ کی شکست کا بدلہ لیتے ہوئے کینگروز کو 89 رنز سے ہرا یا۔ 1987: کینگروز اور پاکستان1987 کے ورلڈکپ میں تیسری بار مدمقابل آئے،اس بار آسٹریلیا نے ایونٹ کے سیمی فائنل میں پاکستان کو اس کے ہی ہوم کراؤڈ کے سامنے 18 رنز سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔ یہ ورلڈکپ آسٹریلیا کے ہی نام رہا تھا۔ 1992: پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں 1992 کے ورلڈکپ میں ایک بار پھر آمنے سامنے آئیں، اس بار گرین شرٹس نے پچھلی ہار کا بدلہ لیتے ہوئے آسٹریلیا کو اس ہی کے کراؤڈ کے سامنے 48 رنز سے شکست دی۔ یہ بھی پڑھیں: ورلڈ کپ: سابق بھارتی کرکٹر کی پاکستان کرکٹ ٹیم سے متعلق ایک اور پیشگوئی 1999: اس ورلڈکپ میں پاکستان اور آسٹریلیا دو بار مدمقابل آئے، گروپ اسٹیج میں تو پاکستان نے کینگروز کو 10 رنز سے ہرا یا لیکن بدقسمتی سے ورلڈکپ کے فائنل میں آسٹریلیا نے بدلہ لیتے ہوئے پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر ورلڈکپ ٹرافی اٹھائی۔ 2003: پاکستان اور آسٹریلیا 2003 کے ورلڈکپ میں ساتویں بار آمنے سامنے آئے اس بار آسٹریلیا نے گرین شرٹس کو 82 رنز کے بڑے مارجن سے ہرایا۔ 2011: کینگروز اور پاکستان 2011 کے ورلڈکپ میں آٹھویں بار ایک دوسرے کے مدمقابل آئے، اس بار گرین شرٹس نے پرانے بدلے لیتے ہوئے دفاعی چیمپئن کو 4 وکٹوں سے شکست دی اور 1999 کے ورلڈکپ کے فائنل سے ناقابل شکست رہنے والی آسٹریلین ٹیم کی فتوحات کا سلسلہ توڑ دیا۔ یہ بھی پڑھیں: ورلڈکپ: قومی ٹیم کو ایک اور دھچکا، اہم کھلاڑی انجری کا شکار 2015: اس ورلڈکپ میں آسٹریلیا اور پاکستان کی ٹیمیں ایونٹ کے کوارٹر فائنل میں آمنے سامنے آئیں، اس بار کینگروز نے گرین شرٹس کو 6 وکٹوں سے ہرایا اور سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔ یہ ورلڈکپ آسٹریلیا کے نام رہا تھا۔ 2019: پاکستان اور آسٹریلیا 2019 کے ورلڈکپ میں دسویں بار مدمقابل آئے، اس بار بھی کینگروز نے گرین شرٹس کو 41 رنز سے شکست دی۔ ورلڈکپ مقابلوں میں آسٹریلیا کو پاکستان پر واضح برتری حاصل ہے ،کینگروز نے 10 مقابلوں میں سے 6 میں کامیابی حاصل کی جبکہ گرین شرٹس 4 میچز جیت سکے۔ واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان میچ کل بنگلورو میں پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈیڑھ بجے شروع ہوگا۔