جب ہم گرنے کے بعد اٹھتے ہیں تو بلندی پر جاتے ہیں: بابراعظم

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ورلڈ کپ میں مسلسل تین شکستوں کے بعد کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے کہا ہے کہ جب ہم گرنے کے بعد اٹھتے ہیں تو بلندی کو چھو لیتے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ورلڈ کپ میں جنوبی افریقہ کے خلاف اہم میچ سے قبل چنئی میں قومی اسکواڈ کی ٹریننگ کی ویڈیو جاری کی اور اس موقع پر کپتان بابر اعظم کو اپنی ٹیم کے کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ بابراعظم نے کہا کہ ’ہم ایسا کئی بار کرچکے ہیں، جب ہم گرنے کے بعد اٹھتے ہیں تو بلندی پر جاتے ہیں، وہ بات یاد رکھیں‘۔ کپتان نے کہا کہ ’ایک دوسرے کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر رکھیں گے تو آسانی ہوگی اور ساری چیزیں ہمارے ساتھ ہوں گی‘۔ بابراعظم نے کہا کہ ’میں اس لیے بار بار کہہ رہا ہوں کیونکہ ہم یہ کر چکے ہیں، ہم نے کرکے دکھایا ہے اور کئی بار کرکے دکھایا ہے‘۔ واضح رہے کہ پاکستان کو ابتدائی دو میچوں سری لنکا اور نیدرلینڈز سے جیتنے کے بعد بھارت، آسٹریلیا اور افغانستان سے مسلسل تین میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد قومی ٹیم ورلڈ کپ کے پوائنٹس ٹیبل میں پانچویں نمبر پر آگئی۔ حال ہی میں افغانستان سے میچ ہارنے کے بعد ٹیم کو شائقین اور سابق کرکٹرز کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا، اور بہت سے لوگوں نے بابر اعظم کی کپتانی پر بھی سوال اٹھائے۔ افغانستان سے میچ کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے بابر اعظم نے ٹیم کی مجموعی کارکردگی کے بارے کہا تھا کہ ہماری فیلڈنگ اور باؤلنگ دونوں معیاری نہیں تھی۔ ورلڈ کپ میں مسلسل تین شکستوں کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے شائقین پر زور دیاکہ وہ ٹیم کے ساتھ کھڑے رہیں۔ پی سی بی کی جانب سے آج جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ مسلسل تین شکستوں کے بعد وہ شائقین کے جذبات اور احساسات کو تسلیم کرتے ہیں۔ پی سی بی کا کہنا تھا کہ اس مشکل ماحول میں پی سی بی انتظامیہ یہ امید کرتی ہے کہ کرکٹ سے تعلق رکھنے والی برادری اور شائقین کپتان بابر اعظم اور پاکستانی ٹیم کا ساتھ دے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ راؤنڈ کے اب بھی 4 میچ ہونا باقی ہیں، انہوں نے کہا کہ ہم پُرامید ہیں کہ ٹیم دوبارہ اٹھے گی، رکاوٹوں پر قابو پائے گی اور آنے والے میچوں میں مثبت اور مؤثر کارکردگی دکھائے گی۔ پی سی بی نے کپتان بابر اعظم اور ٹیم انتظامیہ کی ’میڈیا اسکروٹنی‘ کے بارے میں بھی ذکر کیا، مزید کہا کہ پی سی بی کا بیانیہ ہے کہ ہار اور جیت کھیل کا حصہ ہے۔ بورڈ نے مزید کہا کہ بابر اعظم اور کوچ انضمام الحق کو ورلڈ کپ اسکواڈ کی تشکیل میں ’آزادی اور حمایت‘ حاصل تھی۔ مستقبل میں بورڈ پاکستان کرکٹ کی مفاد کے لیے ٹیم کی ورلڈ کپ میں کارکردگی کی بنیاد پر فیصلے کرے گا، پی سی بی اس بات کی حوصلہ افزائی کرتا ہے کہ شائقین، سابق کھلاڑی اور اسٹیک ہولڈرز ٹیم کا ساتھ دیں، جو میگا ایونٹ میں فاتحانہ واپسی کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔ پاکستانی ٹیم کل بھارتی شہر چنئی کے چدم برم اسٹیڈیم میں جنوبی افریقہ کے خلاف ورلڈ کپ میں اپنا چھٹا میچ کھیلے گی۔