ورلڈکپ: نیدرلینڈز کا بنگلادیش کو جیت کیلئے 230 رن کا ہدف

آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ کے 28 ویں میچ میں نیدرلینڈز نے بنگلادیش کو جیت کے لیے 230 رن کا ہدف دے دیا۔ کولکتہ کے ایڈن گارڈنز اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں نیدرلینڈز کے کپتان اسکاٹ ایڈورڈز نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ نیدرلینڈز کی ٹیم مقررہ 50 اوور میں 229 رن بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ ڈچ ٹیم کی جانب سے کپتان اسکاٹ ایڈورڈز 68 رن بنا کر نمایاں رہے، ان کے علاوہ ویزلی بریسی نے 41 اور سائیبرانڈ نے 35 رن بنائے۔ بنگلادیش کی جانب سے مستفیض الرحمان، شریف الاسلام ، مہدی حسن اور تسکین احمد نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ خیال رہے کہ اس ورلڈکپ میں اب تک دونوں ٹیمیں پانچ پانچ میچ کھیل کر ایک ایک میچ ہی جیت سکی ہیں۔ پوائنٹس ٹیبل پر بنگلادیش آٹھویں اور نیدر لینڈز دسویں (آخری) نمبر پر ہے۔