عاقب جاوید نے شاہین اور حارث کو ٹی ٹوئنٹی کا بولر قرار دیا

سابق قومی کرکٹر عاقب جاوید نے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف کو ٹی ٹوئنٹی کا بولر قرار دیا ہے۔ آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے بولرز کی ناقص کارکردگی کے بعد ان پر سخت تنقید کی جارہی ہے، اب عاقب جاوید کی جانب سے اس معاملے پر وضاحت پیش کی گئی۔ نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے عاقب جاوید نے کہا ‘ہم نے شاہین اور حارث کو ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے لیے ٹرین کیا، مجھے پچھلے ہفتے سے گالیاں دی جارہی ہیں’۔ سابق پاکستانی کرکٹر کا کہنا ہے کہ ‘حارث اور شاہین کی خراب بولنگ پر مجھے برا بھلا کہا جارہا ہے کہ حارث ٹھیک بولنگ نہیں کروا رہا، شاہین مڈل اوورز صحیح نہیں کروا رہا، ہم نے انہیں خالص ٹی ٹوئنٹی کے لیے ٹرین کیا تھا ون ڈے کرکٹ کے لیے نہیں’۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ‘ہم نے پاکستان کو انہیں بطور ٹی ٹوئنٹی بولرز دیا تھا لیکن مینجمنٹ انہیں ون ڈے کھلارہی ہے’۔ یہ بھی پڑھیں: سابق کرکٹرز کا بابر اعظم کو کپتانی چھوڑنے کا مشورہ واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کا ورلڈکپ کا سفر ختم ہوچکا ہے جب کہ جنوبی افریقا، نیوزی لینڈ، آسٹریلیا اور بھارت ون ڈے ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے والی ٹیمیں ہیں۔