بابر اعظم کے متعلق پی سی بی کا بڑا فیصلہ

پاکستان کرکٹ بورڈ کی ترجمان عالیہ رشید کا کہنا ہے کہ بابر اعظم خود فیصلہ کریں کہ انہوں نے کیا کرنا ہے۔ ڈائریکٹر میڈیا پی سی بی عالیہ رشید نےکہا ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز کافی مشکل ہے، اس لیے زیادہ تبدیلیاں نہیں کرنا چاہ رہے، چیئرمین منیجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف سابق کرکٹرز کو نئی ذمہ داریاں بھی دے رہے ہیں۔ عالیہ رشید کا کہنا تھا کہ یونس خان کو کراچی میں نوجوان کرکٹرز کی گرومنگ کی ذمہ داری دی گئی ہے، بورڈ سمجھتا ہے جس کا کام ہے اسی سے کام لیا جائے، سسٹم چلانے کےلیے کرکٹرز سے بہتر رائے کوئی نہیں دے سکتا۔ ترجمان پی سی بی عالیہ رشید نے کہا کہ کل مکی آرتھر آرہے ہیں ، کل میٹنگ ہے اس کے بعد کوئی نتیجہ نکلے گا، کرکٹ ٹیم کےکپتان کی تبدیلی سے متعلق ابھی کچھ کہنا قبل ازوقت ہوگا، ہوسکتا ہے کہ کل ہمیں بابر اعظم سے خود کوئی فیصلہ سننے کو مل جائے۔ عالیہ رشید نے بتایا کہ کوشش کر رہے ہیں کہ بورڈ میں کرکٹر زیادہ سے زیادہ آئیں ، محمد حفیظ کو بھی ذمہ داری دینا چاہتے ہیں، وہاب ریاض کا نام لیا جارہا ہے لیکن چیف سلیکٹر کیلئے حتمی فیصلہ نہیں ہوا البتہ سہیل تنویر جونیئر سلیکشن کے لیے اچھا انتخاب ہوسکتے ہیں، بدقسمتی ہوگی کہ اگر سابق کرکٹرز اپنا تجربہ نوجوان کھلاڑیوں کو منتقل نہ کرسکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین بورڈ کوئی بھی ہوں ان کی خواہش ہوتی ہے کہ ٹیم آگے جائے، کرکٹ میں میرٹ کو آگے لایا جائے گا، چیئرمین ابھی معاملات کو خود دیکھ رہے ہیں انہوں نے ورلڈ کپ سے پہلے کوئی مداخلت نہیں کی۔