واٹس ایپ اور گوگل کا اینڈرائیڈ صارفین کیلئے بیک اپ پالیسی میں بڑی تبدیلی کا اعلان

واٹس ایپ اور گوگل نے اینڈرائیڈ صارفین کے لیے بیک اپ پالیسی میں بڑی تبدیلی کا اعلان کر دیا۔ گوگل اور واٹس ایپ کے اعلان کے مطابق دسمبر میں متعارف کرائی جانے والی اس تبدیلی کے متعارف کرائے جانے کے بعد چیٹ ہسٹری بشمول تصاویر اور ویڈیو کے بیک اپ کے لیے گوگل ڈرائیو اسٹوریج (کمپنی کی جانب سے دیے جانے والے مفت 15 جی بی اسٹوریج) استعمال کی جائے گی۔ جب اسٹوریج کا سائز کم رہ جائے گا تو گوگل صارفین کو بیک اپ سائز کم کرنے کےلیے غیر ضروری فائلیں یا واٹس ایپ میڈیا ڈیلیٹ کرنے کی تجویز دے گا۔ اس کے علاوہ صارفین کلاؤڈ اسٹوریج کو بڑھانے کے لیے گوگل ون پلین کا انتخاب بھی کر سکتے ہیں۔ واٹس ایپ کے مطابق یہ فیچر آزمائش کے لیے بِیٹا صارفین کو دسمبرمیں پیش کردی جائے گی جبکہ اینڈرائیڈ صارفین کے لیے یہ تبدیلی 2024 کے پہلے ششماہی میں متعارف کرا دی جائے گی اور یہ صارفین کو وقت سے 30 دن قبل متنبہ کر دے گی۔ تبدیلی کا نوٹیفکیشن سیٹن> چیٹ> چیٹ بیک اپ میں بطور بینر ظاہر ہوگا۔ وہ صارفین جو بیک اپ کے لیے اپنا گوگل اکاؤنٹ استعمال نہیں کرنا چاہتے ہوں گے ان کے پاس نئی اینڈرائیڈ ڈیوائس پر منتقل ہوتے وقت واٹس ایپ چیٹ ٹرانسفر کا آپشن استعمال کرنے کا آپشن موجود ہوگا۔ واضح رہے اینڈرائیڈ صارفین 2018 سے واٹس ایپ بیک اپ کو گوگل ڈرائیو اسٹوریج پر بغیر کسی حد کے محفوظ کرتے آرہے ہیں۔