ایران کے امریکی و اسرائیلی اہداف پر حملے، 7 ائیربیسز کو نشانہ بنانےکا دعویٰ

ایران نے امریکا اور اسرائیل کے خلاف جوابی کارروائیاں کرتے ہوئے 7 ائیربیسز اور ایک ٹیکنالوجی کمپنیوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ ایرانی پاسداران انقلاب کے مطابق حالیہ حملے آپریشن وعدہ صادق 4 کی 90 ویں لہر کے تحت کیے گئے جس میں خطے میں موجود امریکا اور اسرائیل کی فضائیہ کے سات اڈوں کو نشانہ بنایا گیا۔ بیان میں کہا گیا کہ بحرین میں قائم ایک بین الاقوامی ٹیکنالوجی کمپنی کے کلاؤڈ کمپیوٹنگ سینٹر کو بھی نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں کمپنی نے خطے سے انخلا کا اعلان کیا ہے۔ ایرانی پاسداران انقلاب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ امریکا اور اسرائیل کو میدانِ جنگ میں شکست کے بعد خطے میں اپنی پوزیشن برقرار رکھنے میں مشکلات کا سامنا ہے، اور وہ براہِ راست کارروائی کے بجائے مبینہ طور پر ٹارگٹڈ حملوں اور دہشت گردی کا سہارا لے رہے ہیں۔ پاسداران انقلاب نے خبردار کیا کہ ایران کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں تو مزید کمپنیوں اور اہداف کو نشانہ بنایا جائے گا۔ ایرانی حکام نے امریکی صدر کو اس صورتحال کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے خبردار کیا کہ مستقبل میں مزید سخت اقدامات کیے جا سکتے ہیں۔