پاکستانی فوجی دستہ دفاعی معاہدے کے تحت سعودی عرب پہنچ گیا

سعودی عرب کی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ پاکستان کا ایک فوجی دستہ دو طرفہ اسٹریٹیجک دفاعی معاہدے کے تحت کنگ عبدالعزیز ائیر بیس پہنچ گیا ہے۔ ایکس پر جاری بیان میں سعودی وزارت دفاع نے بتایا کہ دونوں برادر ممالک کے درمیان طے پانے والے مشترکہ اسٹریٹیجک دفاعی معاہدے کے تحت اسلامی جمہوریہ  پاکستان کا ایک فوجی دستہ مشرقی علاقے میں واقع کنگ عبدالعزیز ائیر بیس پر پہنچ گیا ہے۔ سعودی وزارت دفاع کے مطابق  یہ پاکستانی دستہ  پاک فضائیہ کے لڑاکا اور معاون طیاروں پر مشتمل ہے، جس کا مقصد دونوں ممالک کی افواج کے درمیان فوجی تعاون کو مضبوط بنانا، عملی تیاری کی سطح کو بلند کرنا اور علاقائی و عالمی سطح پر امن و استحکام کو فروغ دینا ہے۔   خیال رہے کہ ستمبر 2025 میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دارالحکومت ریاض میں باہمی دفاعی معاہدہ طے پایا تھا۔معاہدے میں کہا گیا  تھا کہ کسی بھی ایک ملک کے خلاف کسی بھی جارحیت کو دونوں ملکوں کے خلاف جارحیت تصور کیا جائے گا۔ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور وزیرِ اعظم شہباز شریف نے پاکستان اور سعودی عرب کے مابین “اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے” (SMDA) معاہدے پر دستخط کیے تھے۔ معاہدے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو فروغ دینا اور کسی بھی جارحیت کے خلاف مشترکہ دفاع و تحفظ کو مضبوط بنانا ہے۔  بلوم برگ کے مطابق  ایران کی جانب سے مشرق وسطیٰ میں اپنے پڑوسی ممالک بشمول سعودی عرب کے خلاف جوابی حملوں کے آغاز کے بعد سے دونوں ممالک اس معاہدے کے حوالے سے متعدد ملاقاتیں کر چکے ہیں۔