امریکا کی چھٹے روز بھی ایران پر فضائی حملے، مختلف شہروں میں دھماکوں کی اطلاعات

امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی مزید شدت اختیار کر گئی ہے، جہاں امریکی فوج نے مسلسل چھٹے روز بھی ایران کے مختلف علاقوں پر نئی فضائی کارروائیاں کیں۔ امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ تازہ حملوں کا مقصد ایران کی عسکری صلاحیتوں کو مزید محدود کرنا اور اس کے فوجی ڈھانچے کو نقصان… ایرانی میڈیا کے مطابق صوبہ ہرمزگان کے ساحلی شہر بندر خمیر میں واقع اہم پل کو رات گئے نشانہ بنایا گیا۔ حملے کے نتیجے میں پل کو شدید نقصان پہنچا جبکہ بعد ازاں ایرانی خبر رساں اداروں نے شہادتوں کی تعداد 7 ہونے کی اطلاع دی ہے۔ حکام کے مطابق 9 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں قریبی اسپتالوں میں منتقل کرکے علاج فراہم کیا جا رہا ہے۔ رپورٹس کے مطابق حملے میں کیہوارستان پل اور بندر عباس کے ایک رہائشی علاقے کو بھی نشانہ بنایا گیا جس سے شہری انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا۔ دوسری جانب ایرانی خبر رساں ایجنسی تسنیم نے دعویٰ کیا ہے کہ بندر عباس کے قریب ایک پہاڑی پر نصب مواصلاتی ٹاور بھی امریکی حملے کی زد میں آیا جس کے باعث شہر کے بعض علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ امریکی حکام نے انفرادی اہداف کی تفصیلات جاری نہیں کیں تاہم سینٹکام کا کہنا ہے کہ کارروائیاں ایران کی فوجی صلاحیت کو کمزور کرنے کے لیے جاری رہیں گی جبکہ ایرانی حکام نے حملوں کے نتائج اور نقصانات کا مزید جائزہ لینے کا عمل شروع کر دیا ہے۔