اسرائیلی فورسز کی بربریت جاری، ایک فلسطینی شہید

فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے میں مبینہ جھڑپوں کے دوران ایک فسلطینی شہری شہید ہوگیا جبکہ اسرائیلی فورسز نے دعویٰ کیا کہ نوجوان نے 3 اسرائیلیوں کو قتل کیا تھا۔
 
فلسطینی وزارت صحت نے 18 سالہ نوجوان کی شہادت کی تصدیق کردی ہے۔
’الجزیرہ‘ کی رپورٹ کے فلسطینی وزارت صحت نے شہید ہونے والے 18 سالہ نوجوان کا نام محمد صوف بتایا ہے۔
اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ اس نے پہلے یہودی بستی کے صنعتی زون کے داخلی دروازے پر اسرائیلیوں پر حملہ کیا، پھر قریبی پیٹرول اسٹیشن کی طرف بڑھا اور وہاں موجود مزید لوگوں پر چاقو سے حملہ کیا۔
خیال رہے کہ فلسطین کے مغربی کنارے میں آئے دن جھڑپیں ہوتی رہتی ہیں جہاں پرتشدد واقعات اور کشیدگی میں کئی شہری جاں بحق ہو چکے ہیں۔
گزشتہ روز فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فورسز کے چھاپوں کے دوران فائرنگ سے ایک فلسطینی لڑکی جاں بحق ہوگئی تھی۔
فلسطینی وزارت صحت نے لڑکی کے شہید ہونے کی تصدیق کی تھی جبکہ اسرائیل ڈیفنس فورسز نے خاتون کی ہلاکت کی تصدیق کیے بغیر کہا تھا کہ فوجیوں نے تیز رفتار گاڑی پر فائرنگ کی تھی۔
فلسطینی وزارت صحت نے اعلان کیا تھا کہ مقبوضہ مغربی کنارے رام اللہ کے علاقے کے قریب نیتونیا میں قابض اسرائیلی فوجیوں کی فائرنگ سے ایک لڑکی کے سر پر گولی لگی، جس کے نتیجے میں ان کی موت واقع ہوئی۔
جاں بحق لڑکی کی شناخت 19 سالہ ثنا الطل کے نام سے ہوئی تھی۔