سابق وزیر اعلی پنجاب اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عثمان بزدار نے کہا ہے کہ لگتا ہے میرے علاوہ اس شہر میں سب معصوم ہیں، بس گہنگار میں ہی ہوں۔
عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ کوئی ناجائز کام نہیں کیا، پہلے بھی کہا تھا عدالتوں سے انصاف ملے گا، ثابت ہورہا ہے کہ کوئی غلط کام نہیں کیا، صحافی نے سوال کیا کہ عمران خان کے علاوہ سب آپ پر کرپشن اور نااہلی کا الزام لگاتے ہیں، اس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شہر میں سب معصوم ہیں، بس گہنگار میں ہی ہوں۔
سابق وزیر اعلی پنجاب نے کہا وقت ثابت کرے گا، اللہ نے یہاں سرخرو کیا آگے بھی کرے گا۔صحافی نے سوال کیا کہ آپ کے خیال میں آپ کے خلاف انکوائری کس کے کہنے پر ہوئی جس کے جواب میں کہا میرے بہت دوست ہیں کسی کا نام نہیں لینا چاہتا۔
عثمان بزدار نے کہا ہے کہ میرے پاس بھی کہنے کو بہت سی باتیں ہیں مگر یہ موقع مناسب نہیں، تنقید میرے اوپر نہیں بلکہ تحریک انصاف کے بیانیے پر ہوتی ہے، اپنے دور میں کسی کے خلاف انتقامی کارروائی نہیں کی۔






