کشش ثقل کو بے اثر کردینے والا چینی ماہر

چینی ماہر، وینگ ییکن بظاہر بے جوڑ اشیا کو ایک دوسرے پر رکھ کر متوازن کرنے کی عالمی شہرت رکھتے ہیں۔ وہ شیشے کی بوتل پر سلائی مشین دھرتے ہیں تو کبھی گرے بغیر کرسی کی دوٹانگوں پرتوازن رکھتے ہیں۔
بظاہر یوں لگتا ہے کہ کئی مواقع پر انہوں نے زمینی ثقل کو بے اثر کردیا ہے لیکن ایسا نہیں کیونکہ وہ خاص مقامات پر اشیا کو رکھتے ہیں اور اس میں بے حد صبر اور محنت کی ضرورت ہوتی ہے۔
وینگ پیشے کے لحاظ سے الیکٹریشن ہیں اور انہوں نے سافٹ ڈرنک بوتل پر سلائی مشین کھڑی کرکے دنیا کو حیران کردیا ہے۔ اس کے علاوہ باریک سلاخوں پر گیس کے بڑے سلینڈر بھی موازن کرچکے ہیں۔ تاہم لوگوں نے ان کی مہارت کا اعتراف کیا ہے اور اپنی حیرانی بھی بیان کی ہے۔
2017 میں انہوں نے بطورِ مشغلہ یہ فن اپنایا اور اپنی تصاویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کیں ۔ اب یہ حال ہے کہ ان کے مداحوں کی تعداد بڑھتی ہی جارہی ہے اور ٹک ٹاک پر فالوورز دسیوں لاکھوں تک پہنچ چکی ہے۔ لیکن وہ اس شوق کی خاطر درجنوں بوتلیں اور سامان توڑچکے ہیں۔ بعض اوقات پورا نظام آخری مرحلے میں دھڑام سے نیچے آگرتا ہے۔
لیکن وینگ ہار نہیں مانتے اور اپنی کوشش جاری رکھتے ہوئے گھنٹوں اپنے کام میں مگن رہتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ لوگ ان کے بہت معترف ہیں۔