وزارت صحت کا سیلاب متاثرہ علاقوں میں ہیلتھ کیمپس لگانے کا فیصلہ

وزارت صحت نے ملک بھر میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ہیلتھ کیمپس لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ترجمان وزارت صحت کے مطابق ملک بھر میں سیلاب متاثرین کو صحت کی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے اہم قدم اٹھایا جارہا ہے، وزیر صحت عبدالقادر پٹیل کی ہدایت پر ملک بھر میں سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں ہیلتھ کیمپس لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ہیلتھ کیمپس نیشنل ایمرجنسی آپریشن سیل، صوبائی ای او سیز اور آغا خان یونیورسٹی کے اشتراک سے لگائے جائیں گے۔
اس حوالے سے وزیر صحت عبدالقادر پٹیل کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین کو طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے عملی اقدامات کیے جارہے ہیں، سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں تقریباً 1200 ہیلتھ کیمپ لگائے جائیں گے۔
عبدالقادر پٹیل نےکہا کہ ہیلتھ کیمپس میں بنیادی صحت کی خدمات فراہم کی جائیں گی، کیمپس میں ادویات، ویکسینز ، جلد کے امراض، آنکھوں کے انفیکشن اور ہیضے کی ادویات بھی فراہم کی جائیں گی۔
پنجاب کے 2 اضلاع ڈی جی خان اور راجن پور میں 100، بلوچستان کے 6 اضلاع لسبیلہ، جعفر آباد،نصیر آباد، صحبت پور، جھل مگسی، بولان، موسی خیل اور ہرنائی میں مجموعی طور پر 300 جب کہ خیبر پختونخوا کے 8 اضلاع ڈیرہ اسماعیل خان، پشاور، ٹانک، نوشہرہ، چارسدہ، سوات، شانگلہ اور لوئر دیر میں400 ہیلتھ کیمپس لگانے جائیں گے۔
اندرون سندھ میں قمبر شہداد کوٹ، لاڑکانہ، سکھر، خیرپور، دادو، نوشہرو فیروز، سانگھڑ، بدین اور شکارپور، کشمور میں 300 ہیلتھ کیمپس لگائے جائیں گے، اس کے علاوہ کراچی میں بھی مجموعی طور پر 95 ہیلتھ کیمپ لگائے جائیں گے۔

کیٹاگری میں : صحت