عمران خان عدالتوں میں پیشی کیلئے لاہور سے اسلام آباد روانہ

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان زمان پارک لاہور سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہو گئے، ان کے خلاف آج اسلام آبادکی عدالتوں میں 4 مختلف کیسز کی سماعت ہوگی۔
چیئرمین پی ٹی آئی بذریعہ سڑک اسلام آباد کے لیے روانہ ہوگئے، اس سے قبل عمران خان نے طیارے سے جانا تھا تاہم بعد ازاں روانگی کا پروگرام تبدیل کرکے بذریعہ موٹروے جانےکا فیصلہ کیا گیا۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان انسداد دہشت گردی،بینکنگ کورٹ سمیت سیشن عدالت کے 2 کیسز میں پیش ہوں گے۔
عمران خان فارن فنڈنگ ایکٹ کے تحت درج مقدمے میں بینکنگ کورٹ، دہشت گردی کی دفعات کے مقدمے میں انسدادِ ہشت گردی کی عدالت، توشہ خانہ فوجداری مقدمے میں ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت اور اقدامِ قتل سے متعلق درج دفعات کے کیس میں بھی سیشن کورٹ میں پیش ہوں گے۔
عمران خان کی پیشی کے موقع پر فیڈرل جوڈیشل کمپلیکس میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، جوڈیشل کمپلیکس اور اطراف میں پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔
جوڈیشل کمپلیکس کے اطراف کی سڑکوں کو خار دار تار لگا کر بلاک کیا گیا ہے جبکہ غیر متعلقہ افراد کے جوڈیشل کمپلیکس میں داخلے پر پابندی عائد ہے۔