کے پی او حملے میں ملوث دہشتگرد دوسرے حملے کی پلاننگ کررہے تھے: شرجیل میمن

وزیراطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ کراچی پولیس آفس (کے پی او) حملے کے ماسٹر مائنڈ سمیت 2 دہشت گرد مارے گئے، دہشت گرد دوسرے حملے کی پلاننگ کررہے تھے، حملے میں استعمال اسلحہ ٹانک سے منگوایا گیا۔
کراچی میں سی ٹی ڈی حکام کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل میمن نے بتایا کہ کے پی او حملے میں دہشت گردی کو ناکام بنایا گیا، اس دوران ہمارے 5 افراد نے جام شہادت نوش کیا اور 20 اہلکارزخمی ہوئے۔
شرجیل میمن نے بتایا کہ کراچی اور بلوچستان کے سرحدی علاقے میں دہشت گردوں کی اطلاع تھی۔ 4 دہشت گرد رات 3 بجے حب سے موٹرسائیکل پر سوار ہوکر کراچی میں داخل ہونے کی کوشش کررہے تھے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ سی ٹی ڈی کی ٹیم نے دہشت گردوں کا مقابلہ کیا، مقابلے میں 2 دہشت گرد مارے گئے، دہشت گردوں کے خودکش جیکٹ کو ناکارہ بنایا گیا، دہشت گرد کراچی میں تخریب کاری چاہتے تھے.
شرجیل میمن نے کہا کہ مارے گئے دہشت گرد کے پی او حملے کے ماسٹرمائنڈ تھے، ہلاک دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے، دہشت گردوں نے حب کے علاقے کے قریب سے گاڑی خریدی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ گرفتار دہشت گردوں میں عبدالعزیزاورمہران حبیب شامل ہیں، دہشت گرد دوسرے حملے کی پلاننگ کررہے تھے، دہشت گردوں نے احسان آباد میں روپوشی اختیار کی، حملے میں استعمال اسلحہ ٹانک سے منگوایا گیا۔